گندھارا ہندکو بورڈ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے مذاکرہ

منگل 13 دسمبر 2016 19:52

پشاور۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈیمی کے تحت 10دسمبر 2016کو ’’انسانی حقوق ‘‘ کے عالمی دِن کے حوالے سے ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس کا عنوان ’’دوسروں کے حق کے لئے آواز اُٹھانا‘‘تھا۔ مذاکرے کی صدارت گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے کی جبکہ اِس موقع پر مذاکرے میں خصوصی طور پر شرکت کرنے کے لئے مختلف زبانوں پر کام کرنے والے محقق اور لینگویسٹ انعام اللہ تور والی سوات سے تشریف لائے تھے۔

(جاری ہے)

صدر مجلس جناب محمد ضیاء الدین نے ’’انسانی حقوق کے عالمی دِن‘‘ کے حوالے سے کہا کہ انسانیت کا رشتہ ہم سب لوگوں میں مشترک ہے یعنی مذہب، زبان، رنگ و نسل وغیرہ تو ہماری پہچان کا حوالہ ضرور ہے مگر برتری کا معیار صرف و صرف تقویٰ ہی ہے۔ اِس موقع پر انعام اللہ تور والی نے بھی کہاکہ ہمارے صوبے میں کئی زبانیں بولی جاتی ہیں جبکہ اہمیت کچھ زبانوں کو ہی دی جاتی ہے۔ اِس کے علاوہ شرکاء میں ارشد ضیاء صدیقی، نسیم محی الدین، مسلم جاوید، علی اویس خیالؔ، حسیب سلیمان، محمد عتیق، محمد سلمان، محمد کاشف اعوان ، محمد سجاد اعوان اور غلام فرید نے شرکت کی۔