انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے پشاور میں تقریب کا انعقاد

منگل 13 دسمبر 2016 19:43

پشاور۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پشاور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرقبلہ آیاز، مدرسہ اقراء دارلقرآن کریم حیات آباد کے منتظم حسن فاروق،پیڈفائونڈیشن کی سینئرکوارڈی نیٹر شگفتہ خلیق، اقلیتی برادری کے رہنما چرن جیت سنگھ،پادری عامر خان،سیلاس گل، رادیش سنگھ ٹونی ، آگسٹن جیکب ،خاتون قومی باکسر صوفیہ جاوید اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

غیرسرکاری تنظم پیڈکی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قبلہ آیاز کا کہنا تھا کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں جہاں تمام افراد کواپنے رسم ورواج کے مطابق زندگی گزارنے اور عبادت کرنے کی آزادی حاصل ہے،جمہوری ملک میں میڈیا کو بھی آزادی حاصل ہے کہ حکمرانوں، منتخب نمائندوں اور افسران کا محاسبہ کرے اور انکی غلط پالیسیوں پرتنقید کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے اورلوگوں میں آگاہی بڑھ رہی ہے۔ انبیائے کرام سمیت مقدس شخصیات نے انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کی جسکے نتیجے میں آج بیشترانسانوں کو یہ حقوق حاصل ہیں۔ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنا مقدس فریضہ ہے اور اسے اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔ ادارے کی سینئرکوآرڈی نیٹر شگفتہ خلیق نے بتایا کہ انسانی حقوق کے تحفظ میں تب کامیاب ہوں گے جب ہم خود دوسروں کو حقوق دیں گے۔

اس دن عہد کرنا ہے کہ ہرحال میں دوسرے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔حسن فاروق نے بتایا کہ تمام مذاہب میں بنیادی حقوق ایک جیسے ہیں، معاشرہ کسی ایک شخص کیلئے نہیں بلکہ تمام لوگوں کیلئے ہے ، حق کے حصول کی طرح فرض کی ادائیگی بھی کرنی چاہیے۔ دیگرمقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام قومیتوں اور عقائدکے لوگوں کیلئے اس طرح کے پروگرامز نہایت اہم ہیں،ملک کے شہری ہونے کی حیثیت سے تمام شہریوں کو برابرحقوق حاصل ہونے چاہیے۔ تقریب میں انسانی حقوق کے حوالے سے طلباء نے خاکہ بھی پیش کیا جبکہ مہمانوں کو شیلڈز بھی دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :