گورنرخیبرپختونخوااقبال ظفرجھگڑاکی جے یوآئی س کے سربراہ مولاناسمیع الحق سے ملاقات

منگل 13 دسمبر 2016 19:40

نوشہرہ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) جے یوائی س کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیرمین مولانا سمیع الحق اور خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئر ظفر اقبال جھگڑا کی اکوڑہ خٹک میں اہم ملاقات ہوئی دونوں رہنماؤں نے ملک کی داخلی اور خارجی مسائل ، قبائل اصلاحات پر دیر تک تبادلہ خیال کیا۔جمعیت علماء اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے گورنر خیبرپختونخوا کو توجہ اس طرف مبذول کروائی کہ شمالی وزیرستان اوردیگر قبائل کے متاثرین کی فی الفور واپسی اور بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے اوران کے نقصانات کے ازالہ کامطالبہ کیا۔

اور بعد میں قبائل سے صوبہ میں الحاق ہونے اور نہ ہونے کے بارے میں ان سے بات چیت کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں جمعیت علماء اسلام س کے نائب امیر مولانا حامد الحق حقانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پرگورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ مولانا سمیع الحق پاکستانی سیاست میں ایک بہت بڑا کردار ہیں، مولانا صاحب ہمارے بزرگ ہیں،کافی دنوں سے میری خواہش تھی کہ مولانا سے ملاقات کروں،انہوں نے کہاکہ حکومت کی تمام تر توجہ قبائل کی باعزت اور جلد از جلد واپسی پر ہے، اور ہماری کوشش ہے کہ دسمبر 2017 تک شمالی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی مکمل کرلیں،انہوں نے کہاکہ ہم قبائل کی ترقی چاہتے ہیں اوران کے نقصانات کا ازالہ معقول طریقہ سے کررہے ہیں،مولانا سمیع الحق نے کہاکہ قبائل کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، مولانا سمیع الحق نے فاٹا اصطلاحات کے بارے میں قبائل کے تحفظات سے بھی گورنر کو آگاہ کیا، گورنر نے فاٹا اصطلاحات کے بارے میں قائم کردہ کمیٹی کی کارکردگی اور جامع رپورٹ کے حوالے سے ان کو تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا، مولاناسمیع الحق نے گورنر خیبرپختونخواکی توجہ افغان مہاجرین کی واپسی میں مہاجرین کودرپیش مشکلات کی طرف دلائی، اور کہاکہ پاکستانی اور افغانی عوام کے درمیان لازوال رشتوں کو توڑنا دشمن کا اہم منصوبہ ہے۔