کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصرکیخلاف سہ روزہ کارروائیاں،درجنوں سماج دشمن افرادگرفتار

منگل 13 دسمبر 2016 19:40

کوہاٹ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم میں سہ روزہ کارروائیوں کے دوران مزید دو اشتہاریوں،نو منشیات فروشوں،تین سود خوروں اور چودہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کارروائی میں گرفتار افراد کے قبضے سے پولیس کو بڑی تعداد میں خود کار اسلحہ ومنشیات ،دستی بم اور سود کی رقم بھی ملا ہے۔

ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں مجرمانہ سرگرمیوں کے انسداد اور امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے کئی حساس مقامات پر پولیس اور فوج کا مشترکہ آپریشن بھی منعقد کرایا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں کوہاٹ شہر اور مضافات کے دیہی علاقوں میںپولیس کا سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان،منشیات فروشوںو قمار بازوں،سود خوروں اور قانون شکن عناصر کو مدد و تعاون فراہم کرنیوالے سہولت کاروں کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری اس کریک ڈائون کے تسلسل میں تھانہ چھائونی،سٹی،جنگل خیل،استرزئی،محمد ریاض شہید،بلی ٹنگ ،گمبٹ،جرما،لاچی،کے ڈی اے اور تھانہ شکر درہ کی حدود میں پولیس نے گزشتہ تین دنوں کے دوران تازہ کارروائیوں میں قتل و اقدام قتل کے دو اشتہاری مجرمان رسول شاہ سکنہ میروزئی اور امتلی خان سکنہ مسلم آباد کو گرفتار کرلیا ہے۔

چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران پولیس نے منشیات کو عام کرنے کے مکروہ دھندے میں ملوث نومشہور منشیات فروشوںخالد سکنہ پرشئی،پرویز سکنہ محمد زئی،ایاز سکنہ گڑھی ڈھوڈیوال،شہزاد سکنہ سماری پایاں،نسیم گل سکنہ درویزی بانڈہ،فرہاد علی سکنہ استرزئی،شہزاد حسین سکنہ چکر کوٹ بالا،اقبال عرف بالو سکنہ تپی اور عمر سلیم سکنہ مسلم آباد کو حراست میں لیکر پابند سلاسل کردیا۔

ادھر صوبائی حکومت کی طرف سے سود کے نجی کاروبار کے خلاف قانون کے نفاذ کے بعد ضلعی پولیس سربراہ کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے جاری کریک ڈائون کے دوران مزید تین سود خوروںافغان مہاجر حاجی ولایت عرف معلم سکنہ حافظ آباد،میکائیل سکنہ ناکبنداور راشد علی ساکن محلہ میاں بادشاہ سٹی کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمات درج کرلئے۔کریک ڈائون میںپولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل قانون شکن عناصر کو پناہ اور دیگر سہولت فراہم کرنے کے الزام میں چودہ سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے گزشتہ تین دنوں میںگرفتار افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر 1دستی بم، 11کلاشنکوف،9شاٹ گن،5رائفل،30پستول،ہزاروں کی تعداد میں مختلف بور کے کارتوس،16چارجرز ،15کلو گرام چرس اور 4550روپے سودکی رقم برآمد کرلی ہیں۔