سماجی سائنسدانوں کی ’’سوشل سائنس‘‘ پر دوسری دو روزہ قومی کانفرنس ماہ رواں کے آخر میں منعقد ہوگی

منگل 13 دسمبر 2016 19:38

سماجی سائنسدانوں کی ’’سوشل سائنس‘‘ پر دوسری دو روزہ قومی کانفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے زیر انتظام ا جتماعی اور انفرادی سماجی مسائل کی نشاندھی اور ان کے قابل عمل حل پر مشتمل تجاویز مرتب کرنے کے لئے ملک بھر کے نامور سماجی سائنسدانوں کی ’’سوشل سائنس‘‘ پر دوسری دو روزہ قومی کانفرنس ماہ رواں کے آخر میں منعقد ہوگی جو ملک بھر کے سماجی سائنسدانوں کا سب سے اہم اجتماع ہوگا۔

(جاری ہے)

تقریب سوشل سائنس کے مختلف شعبوں کی وسیع رینج کا احاطہ کرے گی اور نئے علوم دریافت کرنے اور سماجی مسائل پر بصیرت افروز حل پیش کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ کانفرنس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ تقریب میں محققین کو ’’اپ ڈیٹ معلومات‘‘ کے باہمی تبادلے کا موقع ملے گا اور ملک کی سماجی و اقتصادی مسائل پر قابو پانے میں مددگار تجاویز مرتب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی بحیثیت میگا یونیورسٹی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور اسی جذبے سے یہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔