ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے وفد کی ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے نائب صدر سے ملاقات

منگل 13 دسمبر 2016 19:34

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان( ٹڈاپ) کی ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر چاچڑ کی سربراہی میں وفد نے ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے نائب صدر محمد خالد کاکیزئی سے ایوان میں ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آغا قادرداد زرعی مارکیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے نند لال نے مختلف پہلو ئوں کا ذکر کرتے ہوئے برآمد ی تجارت میں درپیش رہنمائی کا مطالبہ کیا۔

نائب صدرِ ایوان نے برآمدات بشمول چھوہارا، چاول ودیگر زرعی اجناس کے ساتھ ساتھ بینٹونائٹ کلے کیلئے متبادل متوقع منڈیوں کی تلاش اور ایکسپورٹرز کو وہاں تک رسائی کیلئے درکار ضروری معلومات مہیا کرنے پر زور دیافی الوقت پاکستان سے چھوہارا صرف ہندوستان بھجوایا جاتا ہے اور غیر متوقع طور پر برآمدات یا تو رُک جاتی ہیں یا ڈیمانڈ میں واضح کمی ہوجاتی ہے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے دیگر منڈیوں کی تلاش از حد ضروری ہے جس کیلئے ٹڈاپ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں نئی متوقع اور اُبھرتی ہوئی منڈیوں کا جائزہ لینا اور پاکستانی برآمدات کیلئے رہنمائی کا فریضہ ٹڈاپ کے سر ہے لہٰذا ٹڈاپ اور ایوان میں پہلے سے موجود روابطِ کار مزید متحرک ہونے سے برآمدی تجارت کا حجم بڑھایا جا سکتا ہے جس سے قیمتی زرِ مبادلہ وافر مقدار میں وطنِ عزیز لایا جا سکے گا۔ قبل ازیں محترمہ بینظیر چاچڑ نے ٹڈاپ کی جانب سے مہیا کی گئی رہنمائی اور خدمات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :