شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے گھوٹکی اور شہدادکوٹ کیمپس کے قیام اور تعلیم و تدریس کے سلسلے میں اجلاس

منگل 13 دسمبر 2016 19:34

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائیس چانسلر سیکریٹیریٹ میں گھوٹکی اور شہدادکوٹ میں کیمپس کے قیام اور تعلیم و تدریس شروع کرنے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ گھوٹکی اور شہدادکو ٹ میں کیمپس کھولنا اور وہاں تعلیم و تدریس شروع کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ سندھ کے دیہی علاقوں کے طلبہ و طالبات کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

ہم اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے شکر گذار ہیں کہ جس کی امبریلا اسکیم کے تحت پورے ملک میں یونیورسٹیوں کے کیمپس کھولے جارہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیمپس کیلئے عمارت کی ملکیت لی جائے گی، فرنیچر، سامان اور دیگر تعمیراتی کام کیلئے تین دن کے اندر اندر ٹینڈرز کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئے تدریسی سیشن 2017کا آغاز مارچ 2017سے ہوگا۔ ان دونوں کیمپسز میں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالاجی، انگلش زبان اور ادب اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبہ جات کھولے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :