مریدکے،جشن عید میلا د النبیﷺ کے سلسلہ میں درجنوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے ،سکیورٹی کے بھر پور انتظامات

منگل 13 دسمبر 2016 19:32

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) جشن عید میلا د النبیﷺ کے سلسلہ میں شہر بھر میں درجنوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جبکہ شہر بھر کی گلیاں اور بازار خوبصورت طریقے سے سجائے گئے۔ مرکزی میلاد کمیٹی مریدکے اور بزم ذکر اللہ ہو کے زیر اہتمام مرکزی جلوس جامعہ مسجد رضائے حبیب سے نکالا گیا جو جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا فٹ بال اکیڈمی مریدکے پہنچاجہاں پر چیئر مین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، کونسلر سید اعجاز الحسن شیرازی، جماعت اہلسنت کے رہنما حافظ عبد الستار نوشاہی، سید منیر حسین شیرازی، مولانا منور حسین عثمانی، حافظ ضیا ء المصطفی، قاری محمد لطیف نوری، قاری نذیر احمد پرانے داؤکے، ٹی ایم او مریدکے قاضی عابد قیوم، مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر میاں کبیر احمد، بزم ذکر اللہ ہو کے حاجی شیخ محمد شان، حاجی غلام محی الدین، کپتان لیاقت علی بابر سمیت درجنوں اہم شخصیات نے شرکت کی اور محفل میلاد سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سنی تحریک مریدکے کی جانب سے بہت بڑا جلوس جی ٹی روڈ پر نکالا گیا جو مین بازار سے ہوتا ہوا بسم اللہ شادی ہال پہنچا جہاں علاقہ بھر کے علماء کرام نے درود سلام کی محفل منعقد کی اور سات خوش نصیبوں کے لیے عمرے کے لیے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کی گئی۔ بسم اللہ شادی ہال کے مالک میاں خالد جاوید نے آئندہ 12ربیع الاوّل کو 12عمرے کے ٹکٹ نکالنے کا اعلان کیا۔

ہزاروں افراد پر مشتمل پیدل، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار افراد کا جلوس درود پاک کا ورد کرتا ہوا کشمیر چوک پر پہنچا جہاں علماء نے اپنے خطاب میں کہا کہ میلاد منانا اور حضورﷺ کا پیغام دنیا تک پھیلانا ہمارے مشن ہے۔ پولیس اور پرائیویٹ سکیورٹی اہلکاروں نے جلوسوں کی سکیورٹی کے بھر پور انتظامات کئے ۔ شام کے وقت انجمن طلبہ اسلام مریدکے کے زیر اہتمام مشعل بردار جلوس نکالا گیا ۔

متعلقہ عنوان :