منتخب عوامی نمائندے بہتر تربیت حاصل کر کے زیادہ اچھے انداز سے شہریوں کی خدمت کر سکیں گے،شیخ انصر عزیز

میٹرو پولیٹین کارپوریشن اپنے تمام منتخب نمائندوں کی ضروری تربیت کو یقینی بنائے گی تاکہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقے کے تمام منتخب نمائندے بنیادی قوانین اور سرکاری امور سے آگہی حاصل کر سکیں،مئیر اسلام آباد

منگل 13 دسمبر 2016 19:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے بہتر تربیت حاصل کر کے زیادہ اچھے انداز سے شہریوں کی خدمت کر سکیں گے۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اپنے تمام منتخب نمائندوں کی ضروری تربیت کو یقینی بنائے گی تاکہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقے کے تمام منتخب نمائندے بنیادی قوانین اور سرکاری امور سے آگہی حاصل کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کنونشن سینٹر میں سی ڈی اے کی ٹریننگ اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام ’’آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ اینڈ میونسپل بائی لاز‘‘ کے عنوان سے شروع کیے جانے والے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثناء اللہ امان ، میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی اور اعظم خان کے علاوہ ایم سی آئی کے افسران بھی موجود تھے۔

تربیتی پروگرام اسلام آباد کے منتخب نمائندوں کے لیے شروع کیا گیا جو تین دن تک جاری رہے گا۔ اس تربیتی کورس میں منتخب نمائندوں کو سرکاری امور کی انجام دہی اور منتخب عوامی نمائندوں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ شہریوں کی عملی خدمت زیادہ احسن طریقے سے کرنے کے علاوہ سرکاری امور پر دسترس حاصل کر سکیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی ادارے کے ملازمین اور افسران کی تربیت کی جو ذمہ داری ادا کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے تاہم انہوں نے کہ اکہ اب اس اکیڈیمی کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ یہاں پر زیادہ سے زیادہ کورسسز منعقد کرائے جا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ اکیڈیمی میں ہونے والے کورسسز سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین کو مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے عملے کو جدید علوم سے روشناس کر اسکیں اور ادارے میں گڈ گورننس ، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام،نئے منتخب نمائندوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے،مستقبل کی بہتر پلاننگ اور ترقی کے لیے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں اور بطورِ میئر اسلام آباد نہ صرف اس طرح کے مفید اور معلوماتی پروگرامز کو سراہتا ہوں بلکہ ٹریننگ اکیڈیمی کی اپ گریڈیشن کر کے یہاں تربیت کے جدید پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے تاکہ ہمارے ملازمین اور افسران نئی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت سے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا اس بات پر یقین ہے کہ اس تربیتی پروگرام کی تکمیل کے بعد منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی خدمات کا استعمال زیادہ بہتر انداز میں کر سکیں گے اور یہ بھی امید کی جاتی ہے کہ اس جدید تربیت اور قوانین سے آگہی کے بعدیہ نمائندے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی ترجیحات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنا کردار زیادہ موئثر انداز میں ادا کر سکیں گے ۔

قبل ازیں سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ثناء اللہ امان نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو کورس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کورس کا بنیادی مقصد منتخب عوامی نمائندوں کو سرکاری امور اور ان کے کردار سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ مکمل مہارت کے ساتھ عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک بہترین نتائج کے لیے تربیت کے پیشِ نظر سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی نے بہترین ٹیم ورک کے ساتھ 34 تربیتی کورس مکمل کیے ہیں ان میںملازمین کی تربیت کے علاوہ صحیح سمت سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے ورکشاپس ،چار اہم لیکچرز اور بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کر کے دو سال میں ناقابلِ فراموش کامیابی حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :