رائے ونڈ، بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار منیر احمد خان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا

منگل 13 دسمبر 2016 19:20

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) یوسی رائے ونڈ سے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوارنوجوان سیاسی رہنماء منیر احمد خان نے منعقدہ جلسہ میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ،انہوں نے کہا کہ وہ اپنے سیاسی قائدحلقہ حاجی نواز احمد گڈو کی وساطت سے ن لیگ میں واپس آئے ہیں ، کیونکہ حاجی نواز احمد گڈو بھی قبل ازیں ایم پی اے چودھری گلزار احمد گجر کے ذریعے مسلم لیگ ن میںشامل ہوچکے ہیں،منیر احمد خان نے مزید کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح سچ ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ملک پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اشد ضروری ہے ،تحریک انصاف صرف دیہاڑی داروں کا ٹولہ ہے ،جس کے لیڈر عمران خان پر وزیر اعظم بننے کا بھوت سوار ہے ،جو گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے اتار دیا ہے ،منیر احمد خاں نے کہا کہ ان کا خاندان شروع سے ہی مسلم لیگی ہے ،انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد مرحوم سابق جنرل کونسلرمحمد یوسف خان کا عوامی خدمت کا مشن مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے جاری رکھیں گے ،اور قائدین کی قیادت میں شہر کی تعمیروترقی کیلئے رات دن ایک کردیں گے ۔

(جاری ہے)

جلسہ میں موجود مسلم لیگی رہنمائوں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب بیت المال چودھری عبدالشکور ،حاجی محمد نواز گڈو ،چودھری سعد منظور گجر ،چودھری محمد اکرم گجر ،عاصم عاصی ،افتخارراجہ ،چودھری اعجاز سندھو ،سید گلزار صفدر اور دیگر نے منیر احمد خاں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پر مبارکباددیتے ہوئے قیمتی اضافہ قرار دیا ۔