سندھ گیمز کے ساتھ ساتھ اسپیشل اولمپکس کا انعقاد بھی کریں گے‘سردار محمد بخش مہر

پی سی بی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے علاوہ دوسرے صوبوں کے کھلاڑیوں کو بھی منتخب کرے، وزیر کھیل سندھ

منگل 13 دسمبر 2016 18:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ سندھ گیمز کے ساتھ ساتھ اسپیشل اولمپکس کا انعقاد بھی کریں گے اس لئے کے اسپیشل بچوں نے انٹرنیشنل سطح پر لاتعداد گولڈ میڈلز حاصل کرکے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر طریقہ کوئی اور نہیں ہے۔

سردار محمد بخش اپنے آفس میں الیکٹرانک میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں تمام کھلاڑی پنجاب یا خیبر پختونخواہ سے ہوتے ہیں پی سی بی کو چاہئے کہ وہ دوسرے صوبوں پر بھی توجہ دے سندھ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں تلاش کیا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے لاڑکانہ اور سکھر میں ہاکی ٹورنامنٹ کا ایک پلان ترتیب دیا ہے۔

جس میں ہاکی کے تمام انٹرنیشنل اور اولمپیئن کھلاڑی بھی شرکت کریں گے ہم ان اولمپیئن اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے درخواست کریں گے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سندھ کے کھلاڑیوں کی تربیت بھی کریں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے ایشین کراٹے چیمپین شپ میں ڈبل گولڈ میڈل حاصل کرنے والی کلثوم ہزارہ اور کامن ویلتھ کراٹے چیمپیئن شپ اور یو ایس اوپن کراٹے میں گولڈ میڈل اور ایشین چیمپیئن شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والے سعدی عباس کو بھی اس پریس کانفرنس میں مدعو کیا تھا۔

کلثوم ہزارہ اور سعدی عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کھیل سردار محمد بخش مہر نے ہمیں بلاکر نہ صرف عزت بخشی بلکہ ہر قسم کی سہولیات دینے کا وعدہ بھی کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں انعامی رقم بھی دینے کا عندیہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں محکمہ کھیل کی مکمل سپورٹ حاصل رہی تو ہم ملک سے باہر ہر ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔بعد ازاں صوبائی وزیرکھیل سردار محمد بخش مہر نے کلثوم کو ایک لاکھ جبکہ سعدی عباس کو75ہزار روپے کے انعامی چیک دیئے۔

متعلقہ عنوان :