لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ پولیس میں کانسٹیبلز کی نئی بھرتیاں تاحکم ثانی روک دیں

ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری ،23جنوری کو جواب طلب کرلیا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 18:52

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ پولیس میں کانسٹیبلز کی نئی بھرتیاں تاحکم ثانی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ پولیس میں درخواست گزار امیدواروں کی جگہ کانسٹیبلز کی نئی بھرتیاں تاحکم ثانی روک دیں، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئی23جنوری کو جواب طلب کرلیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے محمد اشفاق سمیت 5 امیدواروں کی درخواست پر سماعت کی۔

ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ درخواست گزاروں نے کانسٹیبل کے لیے درخواستیں دیں۔

(جاری ہے)

تحریری امتحان اور انٹرویو ز کے بعد ان کا نام ویٹنگ لسٹ میں شامل کیا گیا۔وکیل کا کہنا تھا کہ میرے موکلوں کے نام ویٹنگ لسٹ میں ہونے کے باوجود محکمہ پولیس کی جانب سے نئی بھرتیوں کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئیں ہیں جو سرا سر ناانصافی ہے۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمارا نام ویٹنگ لسٹ میں شامل ہونے پرہمیں کانسٹیبل بھرتی کیا جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست گزار امیدواروں کی جگہ کانسٹیبل کی نئی بھرتیاں تاحکم ثانی روکنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اورسی سی پی اوکونوٹس جاری کردیااور جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 23جنوری تک ملتوی کر دی ۔