وزیر اعظم محمدنواز شریف کی طرف سے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملنے والی گرانٹ سے آئندہ دوسالوں کے دوران شجرکاری مہم کو مزید موثر بنایا جا ئے گا، شہری ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری پر توجہ دیں

ڈاکٹر جمال ناصر کا وزارت موسمیاتی تبدیلی ِکے زیر اہتمام نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی برائے آر ای ڈی ڈی پلس کے اجلاس سے خطاب قومی کمیشن برائے تحفظ ماحولیات میں دو خواتین کو نمائندگی دینے اور پروگرام کو صوبوں تک وسعت دینے کی سفارش

منگل 13 دسمبر 2016 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمدنواز شریف کی طرف سے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملنے والی گرانٹ سے آئندہ دوسالوں کے دوران شجرکاری مہم کو مزید موثر بنایا جا ئے گا، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ‘ حکومت فضائی و ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے ٹھوس ا قدامات اٹھا رہی ہے تاہم شہریوں کو بھی چاہیئے کہ وہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری پر توجہ دیں۔

وہ منگل کو وزارت موسمیاتی تبدیلی ِکے زیر اہتمام نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی برائے آر ای ڈی ڈی پلس کے چوتھے سالانہ اجلاس کی دوسری نشست کے شرکاء سے اپنے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آر ای ڈی ڈی پلس پر قومی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کا اجلاس وفاقی سیکرٹری، وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی زیر صدارت ہوا۔ چیئرمین نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے آر ای ڈی ڈی پلس کے تصوربارے بریفنگ دی۔

قومی کوآرڈینیٹرآر ای ڈی ڈی پلس ڈاکٹر غلام اکبر نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل جنگلات سید محمود ناصر ، سیدابو عاکف سمیت وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل، وزارت دفاع، یواین ڈی پی، ورلڈ بنک کے نمائندوں، فلاحی تنظیموں آئی یوسی این، لیڈ، سنگی، پف ، پاکستان گرین ٹاسک فورس ،گذارا کمیٹی و دیگر تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا ۔ بعد ازاں پاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدر ڈاکٹر جمال ناصر نے اجلاس کی صدارت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اجلاس میں پیش کی گئی سفارشات کو عملی جامہ پہنانے کی سعی کرنا ہو گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے گرین پاکستان پروگرام کے تحت جو گرانٹ کی منظوری دی گئی تھی اس گرانٹ سے آئندہ دوسالوں کے دوران شجرکاری مہم کو موثر بنایا جا رہا ہے اس دوران جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ پر بھی بھرپور کام کیا گیا اور اس مہم میں ہمیں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی۔

انسپکٹر جنرل جنگلات سید محمود ناصرنے آر ای ڈی ڈی پلس پروگرام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنانے کیلئے باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیشتر علاقوں میں درختوں کی بے دریغ کٹائی سے ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے، ان حالات میں ہمیں چاہیئے کہ جنگلات کے تحفظ اور وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں تاکہ ملک کی آب و ہوا انسانی زندگی پر خوشگوار اثرات مرتب کرے۔

شرکاء نے آر ای ڈی ڈی پلس پروگرام کو صوبوں تک بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ قومی کمیشن برائے تحفظ ماحولیات میں دو خواتین کو بھی نمائندگی دی جائے اور پروگرام کو صوبوں تک وسعت دی جائے۔ اجلاس میں جنگلی حیات اور جنگلات کے تحفظ کو ممکن بنانے کی تجاویز کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :