یوسیز میں نئی لائن ڈلوارہے ہیں جس سے سیوریج کے مسائل پر قابو پانے میں کافی مدد ملے گی، جان محمد بلوچ

منگل 13 دسمبر 2016 17:45

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر میں سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کیلئے محکمہ سیوریج بورڈ کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کر رہے ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اعلیٰ حکام ملیر کی عوام کو سیوریج کے مسائل سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے فنڈ سے یوسیز میں سیوریج کی نئی لائن ڈلوارہے ہیں جس سے سیوریج کے مسائل پر قابو پانے میں کافی مدد ملے گی، ہر فورم پر ملیر کے حق کی آواز بلند کی جائیگی، ملیر ہمارا گھر ہے جس میں صحت و صفائی ترجیحات میں شامل ہیں ،سیوریج کے مسائل کا براہ راست تعلق محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے ہے، محکمہ سیوریج بورڈ کے تعاون کے بغیر عوام کا دیرینہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی چیئرمین حاجی محمد امین اوریو سی اراکین لالہ وحید الزمان، لیاقت بلوچ، معراج محمد خان کے ہمراہ یو سی آٹھ معین آباد میں سیوریج کے مسائل کے حوالے سے دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے موقع پر موجود محکمہ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ یوسی میں سیوریج کے مسائل ہیں جسکے فوری حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کوان کے مسائل سے نجات دلایا جائے ، مذکورہ عید گاہ گرائونڈ میں سیوریج کا پانی حد سے ذیادہ جمع ہو چکا ہے جو قابل تشویش ہے ، کیونکہ یہ گندہ پانی قبرستان میں بھی داخل ہوسکتا ہے جو ہمیں کسی بھی حال میں قابل قبول نہیں ، مذکورہ سیوریج لائن کو فوری درستگی یا تبدیل کروایا جائے ، عید گاہ گرائونڈ سے سیوریج کا پانی فوری ہنگامی بنیادوں پر ختم کیا جائے۔