سی ڈی اے کے ایگرو فارم پر غیر قانونی قبضہ واگزار کرا لیا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 17:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) وفاقی ترقیاتی ادار ہ (سی ڈی اے )کے انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ نے مئیر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تیز کر تے ہوئے مری روڈ پر واقع سی ڈی اے کے ایگروفارم پلاٹ نمبر 15پر کارروائی کی جہاں پر کچھ مکینوں نے مٹی کے کچے گھر تعمیر کرکے پلاٹ کی اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا ہوا تھا ۔

دوران ِکارروائی متذکرہ پلاٹ کی اراضی پر بنائے گئے آٹھ (8)عدد کمرے بمعہ چار دیواری مسمار کرتے ہوئے پلاٹ کی اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ موقع سے تمام غیر قانونی مکین اپنا سامان وغیر ہ اٹھا کر لے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح سٹریٹ نمبر 33سیکٹر F-8/1میں نالے کے کنارے دو کباڑ خانے غیر قانونی طور پر کاروبار کر رہے تھے جن کی سرگرمیوں سے اہلِ علاقہ شدید مشکلات کا شکار تھے لہٰذا دونوں کباڑخانوں کو موقع پر بذریعہ ویل ڈوزور مسمار کر دیا گیا اور موقع پر کام کرنے والوں نے اپنا تمام سامان وہاں سے منتقل کر کے جگہ خالی کر دی ہے ۔

بعدازاں گرین ایریا میں قائم ایک عدد چھپر ہوٹل اور ایک عدد شٹرنگ کا ٹھیہ بھی ختم کیا گیا ۔بری امام بازار میں دیگوں کی پکوائی کی غرض سے ایک دوکان غیر قانونی طور پر زیرِ تعمیر تھی جس کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متذکرہ دوکان بمعہ شٹر مسمار کر دیا گیا ۔ گرین بیلٹ سیکٹر E-11میں قائم دو عدد ہوٹل کی نشاندہی محکمہ مال کے عملے نے کی جو کہ سی ڈی اے کی حصول شد ہ زمین پر تعمیر شدہ تھے دونوں ہوٹلوںبمعہ شیڈز کو موقع پر مسمار کر دیا گیا ۔

سیکٹر G-11/4میں گرین ایریا میں کچھ خانہ بدوش خاندانوں نے جھگیا ں بنا تے ہوئے سرکاری اراضی پر قبضہ ہوا تھا ۔ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پندرہ (15)جھگیوں کو مسمار کر تے ہوئے سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے سپر مارکیٹ ، سیکٹر F-6کا دورہ کیا جہاں تھالی ، نان ڈھابا اورگوالمنڈی جنکشن نامی ریسٹورنٹ نے اوپن سپیس کے نام پر تجاوزات کی ہوئی تھی موقع پر ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے تصدیق کی کہ ان ریسٹورنٹس کو دی گئی اوپن اسپیس کی اجازت منسوخ ہو چکی ہے لہٰذا ان ریسٹورنٹس نے اوپن اسپیس میں جو پودے اور دیگر سامان وغیرہ رکھا ہوا تھا فوری طور پر ہٹایا گیا جن میں سے پودے محکمہ انوائرنمنٹ کے عملے جبکہ دیگر تجاوزات انفورسمنٹ عملے نے ضبط کر لی۔

متعلقہ عنوان :