عمران سڑکوں پر آکر عدلیہ سے مرضی کا فیصلہ چاہتے ہیں،پی ٹی آئی نے سیاست میں انتہاء پسندی کو فروغ دیا، محمد پرویز ملک‘خواجہ عمران نذیر

منگل 13 دسمبر 2016 17:44

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران ایک بار پھر سڑکوں پر آکر عدلیہ پر اثر اندازہوکر اپنی مرضی کا فیصلہ لینا چاہتے ہیں۔ ملک افراتفری کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی کے چیئر مین پریشان مت ہو ںپانامہ لیکس کیس بھی اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا اور ان کی سیاست بھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور پارٹی دفتر میں رہنماؤں چیئر مینوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں لاہور سے رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نومنتخب لارڈ میئر کرنل(ر) مبشر ، چوہدری محمد شہباز، رمضان صدیق بھٹی،سید توصیف شاہ،ڈپٹی میئر میاں طارق،عامر خان، ڈاکٹر اسد اشرف ،بی بی وڈیری،حافظ نعمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے بہت سے کارکنوں کو ایڈجسٹ کردیا ہے باقی ماندہ کو بھی عنقریب ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کارکن کو ان کا حق ادا کئے بغیر نہیں چھوڑیں گے دراصل بلدیاتی الیکشن کی وجہ سے اکاموڈیشن کا کام رکا ہوا تھا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کارکنوں کے لئے پیغام ہے کہ و ہ ثابت قدم رہیں ،محنت کرنے والے کارکنوں کو پارٹی کبھی نہیں بھولتی۔اس موقع پر نو منتخب ڈپٹی میئرز نے قیادت کا شکریہ ادا کیا ان کے اس فیصلے سے کارکنوں کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں۔