حضور اکرمؐ کی آمد پوری انسانیت کیلئے رحمت و برکت کا باعث ہے،عرفان الحق

منگل 13 دسمبر 2016 17:25

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) دینی سکالر عرفان الحق المعروف بابا جی نے کہا ہے کہ حضور اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ آج امت مسلمہ میں جو بے چینی ، افراتفری اور نفاق دکھائی دیتا ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے قرآن اور رسولؐ کا راستہ چھوڑ دیا ہے۔ وہ جہلم میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں بڑے روحانی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

جس میں چکوال ، لاہور اور ملک بھر سے آئے ہوئی3000 سے زائد مرد و خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چکوال سے قاضی محمد اکبر کی قیادت میں 100سے زائد عقیدت مند اس روحانی اجتماع میں شریک ہوئے۔ بابا عرفان الحق نے کہا کہ غربت اور جہالت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہی مدینے والے کا پیغام ہے،حضور اکرم ﷺ کو اپنی امت سے بے پناہ پیار تھا اور آخرت میں ہر مسلمان کی شفاعت کریں گے،حضور اکرم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کیلئے رحمت اور برکت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سکالرز اور دانشوروں نے دنیا بھر کی جن 100عظیم شخصیات کا ذکر کیا ہے اس میں حضور اکرم ﷺ سرفہرست ہیں۔ اجتماع کے آخر میں حضور اکرم ﷺ کے حضور درود سلام پیش کیا گیا۔