کراچی میں بھی یونیورسٹی قائم کریں ، بلاول بھٹوزرداری کی دعوت اسلامی سے درخواست

منگل 13 دسمبر 2016 17:05

کراچی میں بھی یونیورسٹی قائم کریں ، بلاول بھٹوزرداری کی دعوت اسلامی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعوت اسلامی کو درخواست کی ہے کہ وہ کراچی میں بھی اپنی اسلام آباد جیسی یونیورسٹی قائم کریں، جہاں طلبا کو مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی تعلیم بھی مہیا کی جاتی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے گزشتہ روزکراچی میں فیضان مدینہ میں عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور نعت مقبولﷺ سننے کی سعادت بھی حاصل کی۔

اس موقع پر محمد یعقوب عطاری، یوسف عطاری اور یحیٰ عطاری نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو دعوت اسلامی کے رہنمائوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ہماری کاوشوں کو سراہا اور انہوں نے سپر ھائی وے پر زمین کا ایک وسیع ٹکڑا بھی الاٹ کیا جس کو صحرائے مدینہ سے منسوب کیا گیا ہے جہاں مذہبی اور روحانی تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ان کی اسلام آباد یونیورسٹی کو سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری دلائی جہاں اس وقت طلبا کو صرف مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے انہیں تجویز دی کہ وہ کراچی میں بھی اسلام آباد جیسی یونیورسٹی قام کریں۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے بھی کہا کہ وہ علما سے ملاقات کرکے اس یونیورسٹی کی بنیاد رکھنے میں ان کی مدد کریں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے فیضان مدینہ میں حاجی امین عطاری کی سربراہی میں ہونے والی خصوصی دعا میں شرکت کی اور نعت مقبول ﷺ سننے کی سعادت بھی حاصل کی۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو، وزیراعلی سندھ کے مذہبی امور کے معاون خصوصی قیوم سومرو بھی شریک تھے۔
کراچی میں بھی یونیورسٹی قائم کریں ، بلاول بھٹوزرداری کی دعوت اسلامی ..

متعلقہ عنوان :