سندھ ہائی کورٹ، غلام قادر پلیجو کو نیب کی جانب سے ہراساں کرنے سے متعلق درخواست پر نیب کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم

منگل 13 دسمبر 2016 15:12

سندھ ہائی کورٹ، غلام قادر پلیجو کو نیب کی جانب سے ہراساں کرنے سے متعلق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کی سنیٹر سسی پلیجو کے والد غلام قادر پلیجو کو نیب کی جانب سے ہراساں کرنے سے متعلق درخواست پر نیب کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سنیٹر سسی پلیجو کے والد غلام قادر پلیجو کو نیب کی جانب سے ہراساں کئے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت میں قادر پلیجونے کہاکہ نیب کی جانب سے مجھے ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ نیب نے میرے خلاف 2005 میں انکوائری شروع کی تھی اور کوئی ثبوت نہ ملنے پر انکوائری بند کردی تھی۔انہوں نے کہاکہ نیب کا قانون ہے ایک دفعہ انکوائری بند کردی جائے تو دوبارہ نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

عدالت میں نیب کے پراسیکیوٹرنے کہاکہ غلام قادر پلیجو کے خلاف اس وقت ثبوت نہیں ملے تھے لیکن اب دوبارہ انکوائری کی جارہی ہے عدالت سے استدعا ہے کہ رپورٹ پیش کرنے کے لئے کچھ وقت کی مہلت دی جائے۔

عدالت نے نیب کو ایک ماہ میں رپورٹ مکمل کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے سنیٹرسسی پلیجو کے والد غلام قادر پلیجو کے خلاف غلام ارباب رحیم کے دور میں زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق نیب کی جانب سے تفتیش کی جارہی ہے

متعلقہ عنوان :