نبی کریمﷺ نے اپنے عمل اور کردار سے ثابت کیا کہ اسلام ہی انسانیت کی معراج ہے،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

منگل 13 دسمبر 2016 14:46

نبی کریمﷺ نے اپنے عمل اور کردار سے ثابت کیا کہ اسلام ہی انسانیت کی معراج ..
اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ نے اپنے عمل اور کردار سے ثابت کیا کہ دینِ اسلام ہی انسان کو انسانیت کی معراج پر پہنچاتا ہے ،اللہ کے نزدیک امیری اور صاحبِ اقتدار نہیں بلکہ دنیا میں بھلائی اور خیر بانٹنے والا ہی سب سے بہتر ہے آج کے دن کے مناسبت سے تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کی شرکت سے کھلا سبق ملتا ہے کہ ہم ایک ہی شمع رسالت کے پروانے ہیں اسوہء حسنہ پر عمل کر کے آپس کی نفرت ختم ہو گی اور محبت فروغ پائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہیدِ ملت لیاقت علی خان سٹیڈیم اٹک میں جلوسِ جشن میلاد النبیﷺ سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلوس مرکزی سیرت کمیٹی کے زیرِ اہتمام برآمد کیا گیا ،جلوس کی قیادت وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد، عہدیداران و ممبران سیرت کمیٹی اور علمائے کرام مشائخِ عظام نے کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات، مرکزی سیرت کمیٹی اٹک کے نگرانِ اعلیٰ حاجی محمد الیاس، صدر حاجی الماس، صدر انجمن تاجران راشد الرحمان خان، نائب صدر ڈاکٹر عرفان قادری، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا غلام محمد صدیقی، سید خادم حسین نقوی کربلائی، علامہ رفاقت حقانی، سید یاور بخاری ، حاجی محمد یوسف، حافظ عبدالحمید نقشبندی، علامہ محفوظ الرحمان رضوی، صاحبزادہ حافظ سعید، صاحبزادہ اکرم علوی، مولانا ضیاء نورانی، ڈاکٹرضیاء الرحمان، سید عبدالظاہر رضوی،سید سجاد حسین بخاری آف باغ نیلاب، قاری حنیف، طاہر الرحمان، علامہ محفوظ الرحمان، نامزد چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان ٹی ایم او سردار آفتاب احمد خان کے علاوہ عاشقانِ رسولﷺ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

جلوس میں 130نعت خوان پارٹیوں نے سول پاک ﷺ کے حضورعقیدت کے پھول نچھاور کیے، برق روڈ پر پہنچنے پر امام بارگاہ پنجتنی کے سٹیج پر تمام شرکائے جلوس کا استقبال کیا گیا ،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،گرم مشروبات اور مٹھائی سے تواضع کی گئی ۔اس موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت کیے گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت خود موقع پر موجود رہ کر سیکیورٹی انتطامات کا جائزہ لیتے رہے جبکہ بلدیہ اٹک کی جانب سے جلوس کی گذرگاہوں پر صفائی کے خاطر خواہ انتظامات دیکھے گئے ،جلوس کا اختتام ایم سی بوائز ہائی سکول میں ہوا جہاں پر علامہ رفاقت حقانی نے اختتامی دعا کروائی۔