سروسز ہسپتال شعبہ حادثات میں مفت علاج ناپید،لیبارٹریز کی بیشتر مشینری کی خرابی، تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 13 دسمبر 2016 13:47

سروسز ہسپتال شعبہ حادثات میں مفت علاج ناپید،لیبارٹریز کی بیشتر مشینری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے سروسز ہسپتال کے شعبہ ح ادثات میں مفت علاج کی عدم فراہمی اور ایمرجنسی میں قائم لیبارٹری کی بیشتر مشینری کی خرابی اور ان کو ٹھیک نہ کروانے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں ایکسرے مشین تک ناکارہ اور پتھالوجی لیب کی مشینری جس میں کیمسٹری اینلائزر سمیت دیگر شامل ہیں خراب ہیں جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے وزارت اعلیٰ کے دور میں ایمرجنسی سمیت ہسپتالوں میں وارڈ سطح تک مفت ادویات کی سہولیات میسر تھیں لیکن موجودہ دور میں بلند و بانگ دعوئوں کے باوجودبڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت علاج معالجہ کی سہولیات ناپید ہیں سروس ہسپتال کا شمار لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں ہوتا ہے جب یہاں یہ صورتحال ہے تو دیگر ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں اس سے بدتر صورتحال ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت تمام ہسپتال کی ایمرجنسی میں مفت علاج معالجہ کی سہولیات بحال کرے اور خراب مشینری کی درستگی کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیںتاکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر ہوسکیں۔