خواتین کو مصالحتی کمیٹیوں میں برابری کی سطح پر نمائندگی دی جائے ‘بشریٰ شاہ

منگل 13 دسمبر 2016 13:41

مردان۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)آواز پروگرام مردان کی ضلعی انچارج بشریٰ شاہ نے کہا ہے کہ صنفی تشدد کے خلاف جاری 16 روزہ مہم میں خواتین پر تشدد ،عمری کی شادی، فرسودہ رسومات اور قانونی حقوق تک رسائی کے حوالے سے آگاہی دی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں ’’آواز جوابدہی پروگرام‘‘ کے زیر اہتمام صنفی تشدد کے خلاف فعالیت کے حوالے سے منعقد ہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار میں سول سوسائٹی کے عہدیداروں، مرد، خواتین اور کونسلروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ایک آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیاجس میں تھیٹر ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر آواز پروگرام کی اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر رابعہ علی، پروگرام منیجر محمد طفیل، صحافی بخت محمد، عزیز بسمل، ولید خان اور آواز ڈسٹرکٹ فورم کے صدر فیاض الاسلام نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ مردان کے دس مختلف یونین کونسلوںمیں تعینات فوکل پرسن خواتین کے حقوق کے لئے کام کر رہی ہیں اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ خواتین مختلف ادوار میں جبری تشدد کا نشانہ رہی ہیں اور آج بھی اُنہیں نئے جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین کو مصالحتی کمیٹیوں میں برابری کی سطح پر نمائندگی دی جائے اور اس کا دائرہ کار فاٹا اور گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے۔