کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عید میلاد النبیﷺ روایتی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی ، 3700اہلکار تعینات کئے گئے، جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے ڈپٹی کمشنر اور ڈی آئی جی دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی

منگل 13 دسمبر 2016 12:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عید میلاد النبیﷺ روایتی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی ،کوئٹہ میں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہواجبکہ صوبے بھر میں عید امیلادالنبی کے موقع پر درجنوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے اور مساجد میں امت مسلمہ اور پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کئی مقامات سے جشن ولادت کے مختلف جلوس نکالے گئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی جلوس میزان چوک پہنچے جہاں علماء ومشائخ کی صدارت میں مرکزی جلسہ عید میلاد النبی منعقد ہوا جس کا آغاز تلاوت قرآن مجید حمدونعت خوانی سے کیا گیا۔

مرکزی جلسہ میں علماء کرام ومشائخ نے سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں پر اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

مرکزی جلوس کی قیادت پیر سید حبیب سلطان شاہ ،پیر ابراہیم مجدد، جے یو پی کے صوبائی سربراہ علا مہ میر عبدالقدوس ساسولی، علامہ شبیر مدنی ودیگر علماء نے کی۔ مرکزی جلوس لیاقت بازار، پرنس روڈ، مسجد روڈ ،سورج گنج بازار سے منان چوک جناح روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جہاں پر صلوة وسلام اور اجتماعی دعا ہوئی جس کے بعد جلوس اپنے اپنے راستوں سے واپس علاقوں کو لوٹ گئے۔

عید میلاد النبی کے جلوس کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ سیکورٹی پلان کے مطابق کوئٹہ شہر کو 7مختلف سیکٹر میں تقسیم کیا گیا تھا۔ جلوس کی سیکورٹی پر ایف سی ،بی سی ،پولیس ،اے ٹی ایف ،آر آرجی اور لیویز کے 3700اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی آئی جی دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی۔

شہربھر میں 20خصوصی ناکے لگائے گئے جبکہ 16موبائل گشت تشکیل دیئے گئے تھے ،سیکورٹی کے لیے ایف سی کے 750اہلکار بلوچستان کانسٹیبلری اور سی ٹی ایف کے 400اہلکار ،اے ٹی ایف کے 100اہلکار ،آر آر جی کے 70اہلکار ،ٹریفک پولیس کے 140اہلکار متعین کئے گئے جبکہ پہاڑوں پر لیویز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔اندرون بلوچستان میں بھی عیدمیلاد النبی کے جلوس نکالے گئے ،ڈیرہ مراد جمالی ،سبی ،جعفرآباد ،ڈیرہ بگٹی ،کوہلو ،بارکھان ،نوشکی،چاغی ،دالبندین ،ہرنائی ،لورالائی ،چمن ،ژوب قلعہ سیف اللہ ،قلعہ عبداللہ سمیت صوبے بھر میں عید میلاد النبی عقید ت واحترام سے منائی گئی۔

متعلقہ عنوان :