پنجاب کے کئی شہر بدستور دھند کی لپیٹ میں آگئے ، نظام زندگی مفلوج،حادثات میں 7افرادجاں بحق

شہری کانوائے کی صورت میں سفر کریں اور دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں، ترجمان موٹروے پولیس کی ہدایت

منگل 13 دسمبر 2016 12:08

پنجاب کے کئی شہر بدستور دھند کی لپیٹ میں آگئے ، نظام زندگی مفلوج،حادثات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) پنجاب میں دھند کا راج بدستور برقرار جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ حد نگاہ کم ہونے کے باعث ائیرپورٹ اور موٹر وے کے بیشتر سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کیا گیا،شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں 7افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ پنجاب کے کئی شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے، شدید دھند کے باعث لاہور، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، قصور، ہارون آباد، سیالکوٹ، اوچ شریف، ملتان، فیصل آباد، شیخوپورہ، خانیوال، کبیروالا، میاں چنوں، جہانیاں، بوریوالا اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حدنگاہ صفر تک پہنچ گئی ۔

شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی جب کہ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹر وے کے سیکشن ایم ون، ایم ٹو اور ایم تھری کو ہر قسم کی ٹریف کے لئے بند کیا گیا ۔ دھند کے باعث مسافر قافلے کی صورت سفر کریں اور فوگ لائٹس ضرور آن کریں۔ پنجاب میں دھند زندگیاں نگلنے لگی ، مختلف حادثات میں سات افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔

بورے والا میں موٹر سائیکل کی گدھا گاڑی سے ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد دم توڑ گئے ، گوجرانوالہ کے علاقے رتہ جکال کے قریب موٹر سائیکل بس سے ٹکرا گئی۔ تلونڈی موسیٰ خاں کے رہائشی دو نوجوان شوکت اور عمیر جاں بحق ہوگئے۔ ساہیوال میں نائی والا روڈ پر دھند کی وجہ سے ٹرک کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گئے۔

متعلقہ عنوان :