اسلام ایک عالمی دین کی حیثیت رکھتا ہے‘ مذہبی رواداری کے فروغ سے بڑے مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکتا ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کا بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب

ترکی اور پاکستان کے عوام کا مذہب‘ ثقافت اور تاریخ مشترک ہے، صدر مذہبی امور ترکی مہمت گورمیز

پیر 12 دسمبر 2016 18:10

لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اسلام ایک عالمی دین کی حیثیت رکھتا ہے، مذہبی رواداری کے فروغ سے بڑے مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکتا ہے۔ وہ پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے دنیا کے مختلف ممالک سے کانفرنس میں شریک ہونے والے اہل علم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کانفرنس میں اہل علم کا شریک ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ بین الاقوامی ہم آہنگی ہم سب کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں ہمیں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں مدد ملے گی جبکہ مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی سے فروغ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی رواداری پر مبنی معاشرے کا قیام آج کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال سیرت کانفرنس قومی سطح پر منعقد کی جا رہی ہے۔ اس سال یہ کانفرنس بین الاقوامی سطح پر منعقد کی جا رہی ہے جس میں 11ممالک کے مندوبین نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں کامیاب حج آپریشن، علماء مشائخ کونسل کا قیام ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عیدالفطر کا نفاذ، یکساں نظام صلوة، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے نمایاں کارناموں میں سرفہرست ہیں۔

صدر مذہبی امور ترکی مہمت گورمیز نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام کا مذہب‘ ثقافت اور تاریخ مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام صراط مستقیم کا درس دیتاہے۔ حضرت محمدؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ ایک ایسی شخصیت تھے جن کی تعلیمات سے صرف محبت رسول ؐ کی روشنائی ہی نہیں ملتی بلکہ انسانوں سے محبت کا درس بھی ملتا ہے۔

متعلقہ عنوان :