طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، 11 میتیں شناخت کر کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں، وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پیر 12 دسمبر 2016 16:40

طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کی شناخت کا عمل جاری ..

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، 11 میتیں شناخت کر کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد کی میتوں کی شناخت ان کے پاس موجود اشیاء اور ڈینٹل ٹیسٹوں سے کی گئی ہے جبکہ دیگر 35 میتوں کے نمونے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔

توقع ہے کہ 17 دسمبر تک ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج آ جائیں گے اور میتوں کی شناخت کا عمل مکمل ہو جائے گا جس کے بعد میتیں ان کے ورثاء کے حوالے کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پولی کلینک اور پمز ہسپتال میں مختلف شعبوں کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ پمز میں نئی ایمرجنسی جلد کام شروع کر دے گی۔

متعلقہ عنوان :