میرپور میںعید میلاد النبیﷺمکمل مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا

پیر 12 دسمبر 2016 14:20

میرپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء)میرپور(آزادکشمیر ) میںعید میلاد النبیﷺ مکمل مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس مقدس دن کا آغازآزاد جموں کشمیر بھر کی مساجد میں فجر کے وقت خصوصی دعائوں کے ساتھ کیا گیا جس میں اسلام اور اسلامی تعلیمات کے فروغ ،اتحاد ویکجہتی ، مسلم ممالک کی ترقی و بہبود ،پاکستان اور کشمیر کے تحفظ اور استحکام ، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے دعائیں کی گئیں۔

حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر گلیوں ،بازاروں ،سرکاری اور نجی عمارتوں کو رنگ برنگی لائیٹوں سے سجایا گیا اورحضرت محمد ﷺ سے اظہار محبت کے لئے بینرز بھی لگائے گئے۔سرور کونین ،خاتم النبین حضرت محمد مصطفیﷺکی ولادت کے مقدس دن کے سلسلے میں ضلع اور شہر کے مختلف حصوں سے عید میلاد النبی کے حوالے سے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جو بعد ازاں مرکزی میلاد جلوس جو علامہ اقبال روڈ پر واقع مرکزی جامعہ مسجد مولانا عبدالحکیم سے نکالا گیا میں شامل ہو گئے جس میںزندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معروف مذہبی سکالر اورسابق رکن آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی صاحبزادہ عتیق الرحمان فیضٖ پوری، ڈپٹی کمشنر انصر یعقوب، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، سٹی ایڈمنسٹریٹر غلام یاسین، صدر مرکزی میلادکمیٹی میرپور غلام رسول عوامی، اے ڈی سی (جی)راجہ فاروق اکرم، اسسٹنٹ کمشنر ووائس چیئرمین این ای او سی راجہ قیصر اورنگزیب،چیئرمین ختم نبوت و مرکزی میلاد کمیٹی محمد ریاض عالم ایڈووکیٹ، معروف عالم دین کے ڈی چوہدری ،سیکرٹری مرکزی میلاد کمیٹی چوہدری شوکت محمود،سیکرٹری جنرل نیشنل تقریبات آرگنائزنگ کمیٹی الطاف حامد راؤ،متعلقہ دھڑوں کے صدورمرکزی انجمن تاجران میرپور چوہدری محمود احمد، سہیل شجاع مجاہد اور چوہدری محمد نعیم اور سیکرٹری جنرل راجہ خالد محمود سمیت معروف علماء کرام کی زیر قیادت عید میلاد النبی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرا ۔

شہید چوک پر محفل میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی صاحبزادہ عتیق الرحمان فیضٖ پوری، ڈپٹی کمشنر انصر یعقوب سمیت دیگرمذہبی سکالرز اور علماء کرام نے نبی آخری الزمان حضرت محمد ﷺ کی انسانیت کو اللہ کا پیغام پہنچانے، اسلامی تعلیمات کے فروغ اور مسلمانوں کو صحیح سمت دینے کے لئے ان کی بہترین اور عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔

مقررین نے کہا کہ مسلمانوں کیآخرت میں نجات حضرت محمد کے اقوال ،سیرت النبی ﷺ اور اسلامی تعلیمات کے فروغ اور ان پرعمل کرنیمیں ہے۔ میلاد النبی کے جلوس کے تمام راستوں پرمختلف تنظیموںکی طرف سے شہر اور ضلع بھر میں دودھ اور سافٹ ڈرنکس کے سبیلیں قائم کی گئیں جبکہ غریبوں، یتیموں اور مساکین میں کھانابھی تقسیم کیا گیا۔