محسن انسانیتﷺ کی تعلیمات، روایات اور اصولوں کے خزانے کی پیروی کرنے سے زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے‘ بلاول بھٹو زرداری

اتوار 11 دسمبر 2016 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے (آج) پیر کو مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جانے والی عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پوری دنیا اور خاص طور پر پاکستان کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔

(جاری ہے)

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیﷺ کے یوم ولادت پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہم تمام انسانیت اور کائنات کی مزید بہتری کے لئے ان کی دانشمندی، برداشت، پیار، امن اور انسانی مساوات کی تعلیمات کی مکمل سچائی سے پیروی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیﷺ تمام انسانیت کے لئے تعلیمات، روایات اور اصولوں کا خزانہ چھوڑ گئے ہیں جس کی پیروی کرنے سے زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر میں تمام مسلمانوں کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ ہمیں حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات پر چلنے کے لیے اپنی رہبری اور حکمت کی نعمت سے نوازے اور ہماری روح کو محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیﷺ کی پورے کائنات کو روشن کرنے والی روشنی سے دوبارہ منور کردے۔