ملک بھر میں (آج) 12 ربیع الاول کا دن انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا، وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں سیرت کانفرنسز کا انعقاد ہوگا

اتوار 11 دسمبر 2016 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں (آج) پیر 12 ربیع الاول1437ھ کو پیغمبر آخری الزمان حضرت محمدؐ کی میلاد کا دن انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں سیرت کانفرنسز کا انعقاد ہوگا۔ دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک اور قوم کی سلامتی۔

خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوگا جبکہ وفاقی دارالحکومتوں میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی۔ 12 ربیع الاول کو ہر سال کی طرح ملک بھر میں عیدمیلاد النبیؐ کو مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذئہ سے منانے اور استقبال ربیع الاول کی تیاریاں ماہ ربیع الاول کے آغاز سے ہی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

شہر شہر، گلی گلی اور کوچے کوچے درود و سلام کی صدائوں سے معطر ہیں اور (آج) پیر کو عید میلادالنبیؐ انتہائی جوش و جذبہ سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں ولادت النبیؐ کے جلوس نکالے جائیں گے اور لاکھوں فرزندان اسلام سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰؐ سے والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے نعلین پاکؐ کے بیجز سینوں پر سجائے میلاد کی محافل میں شرکت کریں گے۔

ریڈیو، ٹی وی چینلز پر عیدمیلادالنبیؐ کی مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے . سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدمیلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس صبح مسجد الرضا سے ملحقہ پولیس گرائونڈ جی سیون مرکز سے برآمد ہوگا جومختلف مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا سید سخی محمود کے دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔

شہر بھر سے چھوٹے بڑے تقریبا 500 جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔ اسلام آباد پولیس، رینجرز، اسلام آباد ٹریفک پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جلوس کے شرکاء کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے خصوصی پلان تشکیل دے رکھے ہیں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ اور خصوصی گشت کو یقینی بنایا جائے گا۔