ایران اور امریکہ کے مابین 80 مسافر طیاروں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ساتھ 10سال کا معاہدے کیا گیا ہے جس کے تحت ایران 50 بوئنگ 737 جہاز اور 30 بوئنگ 777 طیارے خریدے گا،چیئرمین قومی فضائی کمپنی ایران ایئر

اتوار 11 دسمبر 2016 21:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) ایران کی قومی ایئر لائن اور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے مابین 80 مسافر طیاروں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ، 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے یہ ایران اور امریکہ کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق قومی فضائی کمپنی ایران ایئر کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ بوئنگ کے ساتھ دس سال کا معاہدے کیا گیا ہے جس کے تحت ایران 50 بوئنگ 737 جہاز اور 30 بوئنگ 777 طیارے خریدے گا۔

1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے یہ ایران اور امریکہ کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بوئنگ کے علاقائی ڈائریکٹر فلیچر برکدال کے حوالے سے کہا کہ اس معاہدے کی مجموعی مالیت 16 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے اور امریکی حکومت نے بھی اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

اس معاہدے سے ایران کی ایوی ایشن صنعت میں جدت آئی گی جو اس وقت عمر رسیدہ کمرشل جہازوں پر گزارا کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکی حکومت نے طیارہ ساز کمپنی بوئنگ اور ایئر بس کو ایران سے معاہدے کرنے کی اجازت دی تھی۔ایران اور مغربی ممالک کے مابین جوہری پروگرام پر معاہدے کے بعد ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہونا شروع ہوئیں تھیں۔امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر تنقید کی تھی اور کانگریس میں موجود رپبلکن نمائندوں نے اس معاہدے کی توثیق روکنے کی کوشش کی تھی۔

گذشتہ ماہ امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک قانون کی منظوری دی جس کے تحت ایران کو کمرشل طیاروں کی فروخت کو روکا جا سکتا ہے۔اگر یہ قانون کانگریس سے بھی منظور ہو جاتا ہے تو امریکی محکم خزانہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کر سکتا ہے جو امریکی بینکوں سے کمرشل ہوائی جہازوں کی فائنسنگ کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :