نائیجیریا ، چرچ کی چھت گرنے سے ہلاکتیں 200 سے تجاوز کرگئیں، درجنوں زخمی،ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

حادثے کے وقت ریاست اکوا ابم کے گورنر بھی دیگر افراد کے ہمراہ چرچ میں موجود تھے جومعجزانہ طور پر محفوظ رہے،حکام

اتوار 11 دسمبر 2016 21:50

نائیجیریا ، چرچ کی چھت گرنے سے ہلاکتیں 200 سے تجاوز کرگئیں، درجنوں زخمی،ہلاکتوں ..

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) نائیجیریا میں چرچ کی چھت گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 سے بھی تجاوز کرگئی ،ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے جبکہ حکام نے ہلاکتوںمیں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیریا کی ریاست اکوا ابم میں چر چ کی چھت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد200ہوگئی ہے ۔

مزدور اِس زیر تعمیر گرجا گھر کی افتتاحی دعائیہ تقریب کے لیے آخری تعمیراتی مراحل کو مکمل کرنے کی کوشش میں تھے کہ چھت ہال میں موجود عبادت گزاروں پر گر گئی۔ اس حادثے کے وقت ہال میں ریاستی گورنر سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اب تک ملبے تلے سے کم از کم200 نعشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نائیجیرین حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ریاست اکوا ابم کے گورنر بھی دیگر افراد کے ہمراہ چرچ میں موجود تھے تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ واقعہ کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں عمارت گرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ملک بھر میں ہر سال کئی عمارتیں گرنے کے واقعات میں سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں، حادثات کی وجہ عمارتوں کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال ہے لیکن افریقی ملک میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے باعث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔

متعلقہ عنوان :