نبی کریمؐ کی ولادت کی خوشی منانا اہل ایمان کی پہچان ہے ،ڈی سی ا و

اتوار 11 دسمبر 2016 21:40

رحیم یار خان۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء)ڈی سی ا و رحیم یار خان جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کو اپنائے بغیر دنیاو آخرت میں کامیابی ممکن نہیں، مسائل کے حل کے لئے نبی رحمتؐ کی تعلیمات سے رہنمائی لینا ہو گی، نبی کریمؐ کی ولادت کی خوشی منانا اہل ایمان کی پہچان ہے ، رشوت خوری، ناجائز سفارش، بددیانتی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارہ ربیع الاول کے بابرکت دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رسولؐ کی ولادت با سعادت سے جہالت اور تاریکی کا خاتمہ ہوا، ہمیں اپنے تمام روزمرہ کے امور میں سیرت نبیؐ سے بھر پور رہنمائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ قانون کا بول بالا ہو او رپر امن معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ربیع الاول کے بابرکت مہینہ کے موقع پر نبیؐ کی ولات کی تقریبات منانے والوں کے لئے فول پروف سیکورٹی و انتظامی امور سر انجام دئیے ہیں اور اس سلسلہ میں ضلع رحیم یار خان کے اراکین امن کمیٹی، علماء کرام، تاجر برادری، سول سوسائٹی اور اہلیان ضلع رحیم یار خان کی جانب سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔