بلاول بھٹو کے وفاقی حکومت کو پیش کئے گئے مطالبات پارلیمنٹ کو مضبوط کرنیو الے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

بلاول بھٹو زرداری نہ اپنے لئے اور نہ ہی صوبے کے لئے کچھ مانگ رہے ہیں، اگر حکومت نے چار مطالبات نہیں مانے تو اسی جگہ بلاول نیا اعلان کرینگے

اتوار 11 دسمبر 2016 21:30

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نہ اپنے لئے اور نہ ہی صوبے کے لئے کچھ مانگ رہے ہیں بلکہ ان کے وفاقی حکومت کے سامنے پیش کئے گئے مطالبات پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے والے ہیں تاکہ دوسرے لوگوں کو موقع نہ ملے۔ اگر حکومت نے چار مطالبات نہیں مانے تو اسی جگہ بلاول نیا اعلان کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نئے این ایف سی ایوارڈ لانے اور سی سی آئی کے اجلاس بلانے میں تاخیر کر رہی ہے۔ جو آئین کے خلاف ہے۔ اب 15 دسمبر کو سی سی آئی کا اجلاس رکھا گیا ہے جس میں ہم اپنے معاملات پیش کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں امن و امان کے مسائل ضرور پیدا ہوتے ہیں لیکن اس وقت تمام لا فورسز ایجنسیاں متحرک ہیں۔

سندھ میں اب وہ صورتحال نہیں جب 2004 میں ڈکٹیٹر کے دور حکومت میں مجھے شکارپور تک کانوائے میں جانا پڑا تھا۔ انہوں نے سوالوں کے جوابات میں کہا کہ مذہب کی جبری تبدیلی کے خلاف لائے گئے بل پر کوئی تشویش سامنے آئی تو اس کو دیکھیں گے۔ صوبائی کابینہ میں کسی وقت بھی تبدیلی لائی جا سکتی ہے لیکن اس وقت تبدیلی کے کوئی امکانات نہیں۔ شہید بے نظیر بھٹو کی برسی میں آصف علی زرداری شرکت کریں گے یا نہیں اس کے متعلق میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے وقت کا تعین پارٹی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر ملک بھر سے جیالے شرکت کریں گے۔ اس سے پہلے وزیراعلٰی سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزرائ نثار کھوڑو، ناصر شاہ، ممتاز جھکرانی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ شہید بے نظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

ادھر گڑھی خدا بخش بھٹو میں مزار کمیٹی کا اجلاس وزیراعلٰی مراد شاہ کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں شہید بے نظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو منائی جانے والی نویں برسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں گے اور ملک بھر سے برسی میں شرکت کیلئے آنے والے کارکنان کی سہولیات کے لئے پارکنگ کا وسیع بندوبست ہوگا جبکہ کارکنان کے لئے کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزرائ نثار کھوڑو، ناصر شاہ، ممتاز جھکرانی، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں سمیت کمشنر انعام اللہ دھاریجو، ڈی آئی جی عبداللہ شیخ، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔