یتیم بچوں کی پرورش عظیم مشن ہے ،محمد انیس

یتیم بچوں کے ادارہ ’’ آغوش مری‘‘ کے ہاسٹل بلاک کا افتتاح کر دیا گیا

اتوار 11 دسمبر 2016 20:30

راولپنڈی۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء)وائس چانسلر رفاح یونیورسٹی محمد انیس نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی پرورش عظیم مشن ہے ،یتیموں کی پرورش کرنے والے افرادکو اللہ دوست رکھتا ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے تحت یتیم بچوں کے ادارہ ’’ آغوش مری‘‘ کے ہاسٹل بلاک کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب کے میزبان سید احسا ن اللہ وقاص نائب صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان، ڈاکٹر محمد مشتاق احمد مانگٹ سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن،ڈاکٹر حفیظ الرحمان، شوکت حسین ایگزیکٹو ڈائریکٹراکنامک ریلیف کینیڈا اور شاکر صدیقی ڈائریکٹر آرفن کئیر بھی شریک تھے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن اپنے ’’کفالت یتامی پروگرام‘‘ کے تحت یتیم بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ملک بھر سی6,900 سے زائد بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فائونڈیشن کے تحت اس وقت یتیم بچوں کے لیے آٹھ (8)آغوش ہومز (یتیم خانی)کام کر رہے ہیں جو کہ ان ننھے معصوم پھولوں کوجدید تعلیم و تربیت،حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق صحت اورمعیاری رہائش کیساتھ ساتھ ہر قسم کی دیکھ بھال کا سامان مہیا کر رہیں ہیں۔ سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ آغوش مری یتیم مگر ذہین بچوں کے مرکز کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔آغوش مری 54 کنال کے رقبے پر مشتمل اسلام آباد سے مری ایکسپریس وے پر 22 کلو میٹر کی مسافت پرواقع ہے جس میں ذہین یتیم بچوں کو گریڈ12تک بہترین تعلیمی اور بورڈنگ سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس بچوں کاداخلہ باقاعدہ میرٹ پر ہوگا اور ٹیسٹ انٹرویو کلیئر کرنا والے بچے کو ہی داخلے کی پیشکش کی جائے گی۔