صدر و وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر کا 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغا م

اتوار 11 دسمبر 2016 20:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) صدر آزاد جموں وکشمیر محمد مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر ا طلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ آج ربیع الاول کا وہ مقدس دن ہے جب تاجدارمدینہ،فخر موجودات ،رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی‘ حضور اکرم ﷺ کی آمد سے سارا عالم جگمگا اٹھا‘ آج پوری مسلم دنیا کی طرح آزاد کشمیر میں بھی 12ربیع الاول کا بابرکت دن انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے‘ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے پر مسرت موقع پر آزاد کشمیر کے ہر چھوٹے بڑے شہر ،قصبے اور گھر میں عید کا سماں ہے‘ ساری دنیا کے مسلمانوں کے لیے اس پاک اور مقدس یو م کی اہمیت ہمیشہ کی طرح بہت زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

صدر محمد مسعود خان نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ اس وقت دنیا میں تشریف لائے جب تمام دنیا کے انسان جہالت،پستی اور کفر کے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے تھے‘ اخلاق ،شائستگی اور تہذیب سے ناواقف تھے‘ جائز‘ ناجائز ،حلال حرام ،شائستہ ناشائستہ کی تعمیز سے وہ نا آشنا تھے ۔قتل ،خون ریزی اور ہر برائی انکی زندگی کے معمولات تھے‘ خدائے عظیم و بزرگ و برتر کو اہل زمین کی اس پستی اور زبوں حالی پر رحم آیا اور اس نے ان کی ہدایت کے لیے اپنے برگریدہ بندے حضرت محمد مصطفی ﷺ کو معبوث فرمایا‘ آپؐ کی شخصیت انسانیت کی معراج سے بھی بہت بلند ہے‘ دنیا کے اندھیروں میں صرف یہی ایک چراغ ہے‘ آپ ؐکی زندگی تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔

وزیر اعظم راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کے لیے ایک نمونہ اور مثال کی حیثیت رکھتی ہے اور رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے ۔ان کے ارشادات کی تعمیل میں سر تسلیم خم کر کے ہی دنیا و اخروی زندگی کی نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔اسلا م ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے‘دین اسلام کی سربلندی اور اپنے بھائی بندوں کے لیے بڑ ی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کر نا چاہیے اور صبر و استقامت کا دامن کبھی ہاتھ سے جانے نہیںدینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ12ربیع الاول کے مقدس دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر ،فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں اسلام کی سربلندی ،اپنی بقاء اور آزادی کے لیے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اسلام کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں ۔کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی بہت پرانی اور لمبی ہے جو دو صدیوں پر محیط ہے یہ خود کشمیریوں نے شروع کی ہے‘ کشمیری عوام نے اپنے اسلاف کے کارناموں کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ جدوجہد سے ساری دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ کشمیری عوام مر مٹ سکتے ہیں لیکن اپنے پیدائشی حق ،حق خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتے ۔

کشمیری عوام نے حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ تحریک آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دینا جانتے ہیں اور آزادی کی تحریک کی کامیابی تک قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں ۔وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور کسی بھی قیمت پر وہ اپنے بنیادی حق ،حق خودارادیت کے حصول تک باطل کے آگے نہیں جھکیں گے ۔مسلمان کٹ تو سکتا ہے لیکن جھک نہیں سکتا۔

وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سچی تعلیمات کے نتیجہ میںآنے والے وقت میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل پا گیا جس میں عدل و انصاف ،مساوات ،بھائی چارہ کی فضا ء قائم ہو گئی ۔موجودہ عالمی حالات اور خطے میں پڑنے والے ممکنہ اثرات کے پیش نظر حضور ﷺ کی تعلیمات اور ان کی اہمیت پہلے سے کئی زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :