بین الاصوبائی رابطہ مہم کے ذریعے وفاقی محصولات میں آزادکشمیرکے حصے کو بڑھانے کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے‘وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خا ن

اتوار 11 دسمبر 2016 20:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خا ن نے کہا ہے کہ پورے آزادکشمیر کے اندر معیاری نظام تعلیم ، صحت کی مثالی سہولیات، انفرا سٹرکچرل ڈویلپمنٹ کے لیے یکساں طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے‘ بین الاصوبائی رابطہ مہم کے ذریعے وفاقی محصولات میں آزادکشمیرکے حصے کو بڑھانے کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

آزادکشمیر کی خوش قسمتی یہ ہے کہ مرکز اور پنجاب ، بلوچستان میں محمد نواز شریف اور ان کے کارکنون کی حکومت ہے۔ وزیراعلی سندھ نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے جلد وزیر اعلی خیبر پختونخواہ سے بھی ملاقات کروں گا۔ آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ اضافے ، وفاقی محصولات میں آزادکشمیر کا حصہ بڑھانے ، آزادکشمیر کو سی پیک کا حصہ بنانے ،آزادکشمیر اسمبلی کو با اختیار بنانے، مشترکہ مفادات کونسل ارسا سمیت وفاقی اداروں میں آزادکشمیر کے دیرینہ اور حل طلب مسائل کو حل کر نے کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور ہماری توقع سے بھی بڑھ کر اقدامات اٹھانے کا عزم رکھتے ہیں‘ سابقہ حکومتیں اگر پاکستان میں وسائل کی تقسیم کے فارمولہ تہہ کرنے کے وقت اگر اپنی آواز اٹھاتیں تو اس وقت حالات کافی بہتر ہوتے‘ جلد آزادکشمیر بھر کا دورہ کروں گا۔

(جاری ہے)

ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں بیٹھ کر وہاں کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ہر تحصیل کے اندر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو معیاری ادارہ بنائیں گے۔ نوجوانوں کو ہنر مندی کی تعلیم دے کر انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ہائوس میں ضلع پونچھ ، کوٹلی، میرپور، باغ ، بھمبر سے ملاقات کی غرض سے آنے والے جماعتی عہدیداران ، کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ریاست بھرمیں عوام الناس کو تعلیم ، صحت ، روزگار کے یکساں مواقعوں کی فراہمی ترجیح اول ہے۔ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔آزادکشمیر کے ہر ہسپتال میں تجربہ کار ڈاکٹر اور ایمرجنسی میں زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

جماعتی عہدیداران و کارکنان ذیلی تنظیمیں جن میں یوتھ ونگ ، ایم ایس ایف، پارٹی کا ہر اول دستہ ہیں حکومتی اقدامات کو گراس روٹ لیول پر عوامی ملکیت دلانے میں ان کا بنیادی کردار ہو گا۔ اجتماعی ترقی اور معاشرتی مسائل کے حل کے حوالے سے لیگ اور ذیلی تنظیمات کو مصروف کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ن لیگ غریب اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے اور اشرافیہ کے بجائے غریبوں کے مسائل کے حل کی جانب زیادہ توجہ دے گی۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی میرٹ پر روزگار فراہم کرنا ہماری عزم ہے۔ انشاء اللہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔