ماسٹر پینٹس نے اولمپیاء کو شکست دے کر میجک ریور پولو کپ جیت لیا‘ سب سڈری فائنل میں برکی سٹیٹ کامیاب

اتوار 11 دسمبر 2016 20:00

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام میجک ریور پولو کپ 2016ء کے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس نے اولمپیاء کو 10-5 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا جبکہ سب سڈری فائنل میں برکی سٹیٹ نے ڈائمنڈ پینٹس کو 8-3 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں میجک ریور پولو کپ 2016ء کا فائنل کھیلا گیا۔

فائنل کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سابق صدر لاہور پولو کلب اسحاق خان خاکوانی تھے۔ لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرزعمر صادق، احمد نواز ٹوانہ، ثاقب خان خاکوانی اور ممبرز ، فیملیز کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ مین فائنل میں ثاقب خان خاکوانی کے خوبصورت کھیل کی بدولت ماسٹر پینٹس نے اولمپیاء کو شکست دے دی۔

(جاری ہے)

پہلے ہی چکر میں ثاقب خان خاکوانی نے دو خوبصورت گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔اسی طرح دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست فائنل میچ ہوا۔ ثاقب خان خاکوانی نے آٹھ جبکہ علی الٰہی نے دو گول سکور کیے۔ اولمپیاء کی طرف سے عبدالرحمان منوں نے چار گول سکور کیے۔ ادھر سب سڈری فائنل میں برکی سٹیٹ کی ٹیم نے ڈائمنڈ پینٹس کو 8-3 سے ہرا دیا۔ برکی اسٹیٹ کی طرف سے شاہ قبلائی عالم، عرفان شیخ، کامران نور الدین اور آغا مرتضیٰ نے دو دو گول سکور کیے جبکہ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے میر حذیفہ احمد، ابوبکر صدیق اور نوید شیخ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ مین آف دی میچ کا اعزاز عبدالرحمان منوں کو دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :