یہ ملک اب کنٹینر، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا ،دھرنوں اور احتجاج کا دور گذر چکا ، اب سب کیلئے تاریخ صرف 2018 ہے،سب وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ مل کر ملک اور قوم کی خدمت کریں، پارکس کا آباد ہونا دہشتگردی میں واضح کمی کی نشانی ہے، محمد نواز شریف نے پچھلی دھائیوں میں ملک کو وہ تحفے دیئے جن کے ثمرات آج مل رہے ہیں

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کی راولپنڈی میں گل دائودی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 دسمبر 2016 19:40

راولپنڈی۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہیہ ملک اب کنٹینر، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا ،دھرنوں اور احتجاج کا دور گذر چکا ، اب سب کیلئے تاریخ صرف 2018 ہے،سب وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ مل کر ملک اور قوم کی خدمت کریں، پارکس کا آباد ہونا دہشتگردی میں واضح کمی کی نشانی ہے، محمد نواز شریف نے پچھلی دھائیوں میں ملک کو وہ تحفے دیئے جن کے ثمرات آج مل رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نواز شریف پبلک پارک راولپنڈی میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام گل دائودی کے پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت ترقیاتی کاموں کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،اور محمد نواز شریف نے چند دن قبل 26ہسپتالوں کے قیام کا اعلان کیا اور سندھ میں ماس ٹرانزٹ بس شروع کرنے کا اعلان کیا جو سندھ کے عوام کیلئے وفاق کی طرف سے ایک تحفہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم محمد نواز شریف جھوٹے الزامات ، دھرنوں اور انتشار کی سیاست کے باوجود پوری قوم کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی شرح پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم ہے ،اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی پہلا ہیلتھ انشورنس پروگرام بھی محمد نواز شریف نے دیا ،ایٹمی دھماکہ ہو ،انرجی پراجیکٹس ہوں ،سی پیک ہو ،ہیلتھ انشورنس ہو ،میٹرو بس سروس ہو ،موٹر ویز کا جال ہو صرف محمد نواز شریف کانام زبان پر آتا ہے ،کوئی سیاسی جماعت ان چیزوں کے ساتھ اپنا نام نہیں جوڑ سکتی ،آج پاکستان ایک محفوظ اور خوشحال اور ترقی کی جانب بڑھتا ہوا پاکستان ہے ۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہباز شریف اپنی ٹیم کے ہمراہ پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثالی اقدامات کر رہے ہیں ۔راولپنڈی وہ خوش قسمت شہر ہے جس نے سیاست کے بہت سے اتار چڑھائو دیکھے ، محمد شہباز شریف نے پنڈی کو پہلی پبلک ٹرانسپورٹ (میٹرو بس سروس )کا تحفہ دیا۔ بلاول بھٹو کے مطالبات سے متعلق سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ چار مطالبات پر سیاست نہ کی جائے۔

مریم اورنگزیب نے قبل ازیں گل دائودی کے پھولوں کی نمائش کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم این اے اور چیئرمین پی ایچ اے ملک ابرار ،نومنتخب میئر راولپنڈی سردار نسیم ،حاجی پرویز ،حنیف عباسی ،راجہ محمد حنیف ، ملک شکیل اعوان ،نجمہ حمید اور طاہر ہ اورنگزیب و دیگر لیگی عہدیداران و کارکنان موجود تھے ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے پھولوں کی شاندار نمائش کے انعقاد پر پی ایچ اے کے چیئرمین ملک ابرار کی کاوشوں کو سراہا جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی پر ایم پی اے راجہ محمد حنیف کو خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :