معاشرتی اصلاح کیلئے سنت نبویﷺ کو عام کرنے کی ضرورت ہے، مفتی محمد نعیم

جرائم کی روک تھام کیلئے بہترین نسخہ لوگوں کو سنت پر عمل کی دعوت دینا اور سنت کو عام کرنا ہے

اتوار 11 دسمبر 2016 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ معاشرے کی اصلاح کیلئے سنت نبوی ﷺکو عام کرنے کی ضرورت ہے ، دین کے دوری کے باعث معاشرے میں جھوٹ ، وعدہ خلافی ، بددیانتی ، بہتان ، غیبت ، رشوت وسود خوری عام ہورہی ہیں ،علماء ممبر ومحراب سے تفرقات پر بات کرنے کے بجائے اصلاح معاشرہ پر توجہ دیں ۔

اتوار کو جامعہ بنوریہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت کیلئے پیدا کیاہے اوراگرکوئی شخص تجارت کو اللہ کے نبی کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق کرتاہے تو وہ بھی عبادت ہے الغرض اللہ کی خوشنودی اور سنت رسول کے مطابق کیے جانے والے ہر کام کا اجر ملتاہے،سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے دوری کے باعث مسلم معاشرہ طرح طرح کی برائیوں سے سے بھرچکاہے ، چوری ، ڈکیتی ، راہزنی ، جھوٹ ، وعدہ خلافی ، بددیانتی ، بہتان ، غیبت ، رشوت خوری میں لوگ مبتلا ہورہے ہیں، جرائم کی روک تھام کیلئے بہترین نسخہ یہی ہے کہ لوگوں کو سنت پر عمل کی دعوت دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علماء کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ معاشرے سے ان تمام برائیوں کے سدباب اور فروغ سنت کیلئے کمربستہ ہوجائیں اور ممبر ومحراب میں باہم تفرقات اور صرف واقعات بیان کرنے کے بجائے ان امراض کے سدباب کو اپنا موضوع بنائیں انہوںنے کہاکہ اسلام دنیا میں تمام انسان کوامن و امان کی زندگی بسر کرنے کاسلیقہ سیکھاتا ہے مسلمان کی زندگی کا ہر لمحہ اللہ کی امانت ہے ہر مسلمان کی ذمہ داری بنتی ہے جب اللہ تعالی کے حکم کے مطابق ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے زندگی گذاری جائے گا۔