ایران نے اپنے فضائی بیڑے میں اضافے کیلئے امریکہ کی بوئنگ کمپنی سے 80 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا

اتوار 11 دسمبر 2016 19:00

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) ایران نے اپنے فضائی بیڑے میں اضافے کیلئے امریکا کی بوئنگ کمپنی سے 80 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی سرکاری ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ ایران میں 1979 میں آنے والے انقلاب کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس کی مالیت 16.6 ارب ڈالر یا 15.7 ارب یورو ہے۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکی بوئنگ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والے ایران کی قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو فرہاد پرویریش کے مطابق معاہدے کے تحت آئندہ 10 سال میں پچاس 737 طیارے ،ْ تیس 777 طیارے ایران کو فراہم کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ ایران میں انقلاب کے بعد یہ کسی بھی امریکی ہوائی باز کمپنی سے ان کا پہلا معاہدہ ہے، اور ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب ایران پر موجود پابندیوں کے حوالے سے امریکی قانون سازوں نے حال ہی میں مزید اقدامات کے لیے ووٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

فلائٹ سیفٹی فاؤنڈیشن کے مطابق گذشتہ کئی سالوں سے ایران کی قومی ایئر لائن کو طیاروں اور ان کے پارٹس کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے اور دوسری جانب 1979 سے اب تک عسکری اور سول ہوائی حادثات میں 1700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ایرانی میڈیا نے وزیر ٹرانسپورٹ عباس اخوندی کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ معاہدے کے ذریعے قومی فضائی بیڑے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا پہلا مرحلہ ہے۔انقلاب سے قبل ایران کو فضائی سفر کا مقامی حب قرار دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد عالمی اور مقامی طور پر ملک کی ہوابازی کے شعبے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :