میلاد النبی کا مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو کر نشتر پارک پہنچے گا۔ علامہ شاہ عبد الحق

اتوار 11 دسمبر 2016 18:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس عید میلاد اٰلنبیﷺ (آج) پیر 3 بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ سے علامہ شاہ عبد الحق قادری، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، مولانا و دیگر علماء کی قیادت میں نشتر پارک کے لئے روانہ ہو گا۔ جلسہ عید میلاد النبیؐ 5 بجے شام نشتر پارک میں ہو گا۔

جماعت اہلسنت پاکستان کے اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ میں کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ کی حیات طیبہ اہل ایمان کیلئے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرزندان اسلام مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ میلاد النبیﷺ کے جلوس اور محافل میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ کی زندگی ہر دور کے انسانوں کیلئے قابل تقلید ہے، اسوہٴ رسالت امن و سلامتی، انسانی فلاح و ترقی کی راہ دکھاتا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا ابرار احمد رحمانی اور صوفی حسین لاکھانی نے کہا کہ جشن میلاد مصطفی کو شایان شان طور پر منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پاکستان مصطفی جانِ رحمت کے چاہنے والوں کی سرزمین ہے، ملک کے در و دیوار ہمیشہ درود و سلام سے گونجتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں عید میلاد النبی کے مرکزی جلسہ گاہ نشتر پارک کے انتظامات کے سلسلے میں جماعت اہلسنّت کراچی کے رہنماؤں نے نشتر پارک کا دورہ کیا اور انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر قیام امن، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بلدیاتی سہولیات کو یقینی بنانا حکومت و انتظامیہ کی بنیادی ذمّہ داری ہے۔