بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں 13 ویں اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹک کے 7 ویں کانووکیشن کا انعقاد

امیر البحر ایڈمرل ذکاء اللہ نے بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ کو اسناد اور میڈلز سے نوازا

اتوار 11 دسمبر 2016 18:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں 13 ویں اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹک کے 7 ویں کانووکیشن اتوار کو منعقد کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پروقار تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پی ایچ ڈی، پوسٹ گریجویشن اور انڈر گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر بحریہ یونیورسٹی کے کراچی کیمپس سے پروفیشنل سائیکالوجی، سوفٹ ویئر انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز، کمپیوٹر سائنسز، ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز اور مینجمنٹ سائنسز کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ میں 866 ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹک سے بی ایس سپلائی مینجمنٹ مکمل کرنے والے 35 طلبہ کو بھی اسناد سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء امیر البحر نے 32 طلبہ کو نمایاں کارکردگی پر گولڈ میڈل اور 23 طلبہ کو سلور میڈل دیئے۔ علاوہ ازیں بحریہ یونیورسٹی کے کراچی کیمپس سے مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے ڈاکٹر عامر منظور کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی کے کراچی کیمپس اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس بھی مبارکباد کی حقدار ہے کہ انہوں طلبہ کو ان کے متعلقہ شعبوں میں ایسی گراں قدر تعلیم فراہم کی جو تا عمر ان کی کامیابی میں معاون رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی قابلیت کو بڑھا کر طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ملک کا کارآمد شہری بنانے کے لئے جامعات اور تعلیمی اداروں کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والے نئی کوششیں ان کے پختہ عزم کی عکاس ہیں، یہ کوششیں تمام فریقین کے لئے بہترین نتائج کے حصول کا سبب بنیں گی اور ان کی بنا پر بحریہ یونیورسٹی مسابقتی ماحول کے باوجود ملک کی صف اوّل کی جامعات میں اپنا نمایاں مقام برقرار رکھے گی۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کی کثیر تعداد دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور بحریہ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی اسکالر کو ڈگری سے نوازتے ہوئے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ تحقیق کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لئے یہ امر انتہائی اطمینان کا باعث ہے کہ بحریہ یونیورسٹی ملک میں افرادی قوت کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے جامعہ پر زور دیاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ایک عزم کے ساتھ سامنے آئیں۔ قبل ازیں بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) تنویر فیض نے بتایا کہ کس طرح بحریہ یونیورسٹی اپنے پوسٹ گریجویٹس اور انڈر گریجویٹس کو بہترین تعلیمی ماحول، جدید ترین لیبارٹریز اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ فراہم کر رہی ہے، اس کے علاوہ دور حاضر کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف نصاب کا بار بار جائزہ لیا جاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ نئے اقدامات جیسے پی ایچ ڈی جیو فزکس، ایم ایس پراجیکٹ مینجمنٹ، سپلائی چین مینجمنٹ، ایم بی اے اسلامک فنانس، بیچلرز ان انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر نئے پروگرامز کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

کچھ مزید پی ایچ ڈی اور ایم ایس پروگرامز ایچ ای سی کے ساتھ منظوری کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیاں قوموں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اس حقیقت کے پیش نظر بحریہ یونیورسٹی کی توجہ کا محور معیاری گریجویٹس کی تیاری پر ہے تا کہ وہ ملکی معیشت میں بہتری کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر سکیں۔ تقریب میں نیوی کے اعلیٰ افسران، کاروباری افراد اور طلباء کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :