کراچی شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا ہے، وفاقی وزیر ریلوے

پاکستان کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن پھر بھی اسلامی ممالک میں ہمارا پیارا وطن ایک مستحکم ملک نظرآتا ہے ریاستی ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کرکام کررہے ہیں، ریاستی اداروں کی سوچ تبدیل ہوچکی ہے اب وہ جمہوریت کی راہ پر گامزن ہیں، لوڈشیڈنگ کا نظام بہتر ہوا ہے دین کے نام پر افراتفری پھیلانے والے آج چھپ کر بیٹھے ہیں، مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت

اتوار 11 دسمبر 2016 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا ہے۔ پاکستان کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن پھر بھی اسلامی ممالک میں ہمارا پیارا وطن ایک مستحکم ملک نظرآتا ہے، ریاستی ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کرکام کررہے ہیں، ریاستی اداروں کی سوچ تبدیل ہوچکی ہے اب وہ جمہوریت کی راہ پر گامزن ہیں، لوڈشیڈنگ کا نظام بہتر ہوا ہے دین کے نام پر افراتفری پھیلانے والے آج چھپ کر بیٹھے ہیں گونا گوں مسائل کے باوجود ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔

وہ اتوارکومزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں یہاں پر امید اور مستقبل کی بات کرنی چاہیے ہم قائد کے افکار پر زندگی نہیں گزار سکے ہم اس کی پر عزم قوم ہیں،وسائل نہ ہونے کے باوجود ایٹمی طاقت بنے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کرکام کررہے ہیں، جمہوریت کی موجودہ شکل ہماری منزل نہیں بلکہ ہمیں اس میں شفافیت لانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت 4 بار ڈی ریل ہوئی لیکن اب راستہ نکل آیا ہے اوراب سیاسی جماعتوں میں بلوغت آ رہی ہے۔کراچی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں،فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا اور کر بھی رہے ہیں، آنے والی نسل کو جلتا ہوا نہیں بلکہ روشن ، خوشحال اور مستحکم پاکستان دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم ایک پرعزم قوم ہے اس نے اپنا راستہ خود بنایا ہے، عوام اپنی امنگوں کے مطابق اپنے نمائمدوں کے فیصلے کرتے ہیں، وسائل نہ ہونے کے باوجود پاکستان ایٹمی طاقت بنا، پاکستان کوبانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن اس کے باوجود اگر اسلامی ممالک کی جانب دیکھیں تو پاکستان ایک مستحکم ملک نظرآتا ہے۔