نوٹ12دسمبرکی صبح سے قبل شائع ، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائی:شکریہ

حضورؐ کی ولادت کا مبارک دن دنیاکیلئے دکھوں سے نجات اور امن و آشتی کا پیغام لایا نبی کریم ؐ کی آفاقی تعلیمات کی رو شنی میں اس کرہ ارض کو جنت نظیربنانا ہم سب کا فرضہ ہے صدرمملکت ممنون حسین کا عید میلاد النبی پر پیغام

اتوار 11 دسمبر 2016 17:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے حضورؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر پوری امت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مبارک دن اس دنیاکیلئے دکھوں سے نجات اور امن و آشتی کا پیغام لایا، اب یہ مسلمانوں کا مقدس فریضہ ہے کہ وہ آپؐ کی آفاقی تعلیمات کی رو شنی میں اس کرہ ارض کو جنت نظیربنادیں۔

نبی کریم ﷺ کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ خطبہ حجة الوداع کی روشنی میں رنگ ونسل اورعلاقائی و لسانی تعصبات سے نجات حاصل کرکے اپنی زندگی اور اللہ کی مخلوق کی زندگی میں خوشیاں بھردیں تاکہ وطن عزیز، عالم اسلام اور پوری دنیا میں میانہ روی، اعتدال اورعدل کی عظیم روایات کا بول بالا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکے، اس سلسلے میں دنیا کو آج تعلیمات نبویؐ سے روشناس کرانے کی پہلے سے کہیں بڑھ کر ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضورؐ کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہوکر نہ صرف اپنی دنیا بلکہ آخرت کوبھی سنوار لیں، اس سلسلے میں مسلمانوں کا یہ اولین فریضہ ہے کہ سیرت طیبہؐ پرعمل کرتے ہوئے بھلائی اورخدمت خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں اور ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال، عزت اور آبرو کو ذرا برابر بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیرت طیبہؐ کا سبق یہی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں نبی اکرمؐ کے اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے۔

متعلقہ عنوان :