مولانا فضل الرحمن کا ہمایوںجمشید کو ٹیلی فون ،جنید جمشید کی شہادت پر اظہار تعزیت

اتوار 11 دسمبر 2016 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) جمعیت علما اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے دعوت وتبلیغ کی عالمی تحریک تبلیغی جماعت کے مبلغ اور ملک کے مایہ ناز نعت خواں جنید جمشید کی جہاز کے حادثے میں شہادت پر انکے چھوٹے بھائی ہمایوں جمشید کو فون کرکے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ آج اس عظیم قومی سانحہ پر مجھ سمیت پوری قوم سوگوار ہے بھائی جنید جمشید سمیت تمام شہدا کیلئے بھی پوری قوم دعائیں کر رہی ہے اللہ تعالی آپکے خاندان سمیت تمام شہدا کے خاندان کو صبر جمیل نصیب فرمائیں ۔

علاوہ ازیں جمعیت علما اسلام کے صوبائی نائب قاری محمد عثمان کی قیادت میں ایک اعلی سطح کے وفد نے شہید راہ حق جنید جمشید کے گھر جاکر انکے بھائی ھمایون چمشید اور غم ذدہ خاندان سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی وفد میں مولانا عبدالکریم عابد مولانا محمد غیاث مفتی عبدالحق عثمانی بابر قمر عالم قاری عبدالرزاق قمر مولانا عاصم کریم جمال خان کا کڑ قاری رفیق دانش قاری اسماعیل سواتی اور دیگر رہنما بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قاری محمد عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید نے اپنی ساری زندگی پوری میں دعوت وتبلیغ کوعام کرنے کیلئے وقف کر رکھی تھی یہی وجہ تھی کہ وہ چترال بھی تبلیغی دورے پر گئے تھے انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہاز کے حادثے کی انتہائی باریک بینی سے فوری تحقیقات کرکے حقائق سے قوم کو آگاہ اور ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا یا جائے۔