پاناما کیس کی سماعت جنوری تک موخر کرکے عدالت نے قوم کو مایوس کیا ہے ،ْ لطیف کھوسہ

ہماری جماعت کسی صورت بھی مسئلے کو دفن نہیں ہونے دے گی ،ْ ہم آخر تک جائینگے ،ْانٹرویو

اتوار 11 دسمبر 2016 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت جنوری تک موخر کرکے عدالت نے قوم کو مایوس کیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ یہ ایک اہم کیس ہے لہٰذا عوام اب فیصلہ سننا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شروع سے یہی مؤقف رہا ہے کہ یہ مسئلہ عدالت کے بجائے الیکشن کمیشن یا پارلیمنٹ کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔

اگر تو وزیراعظم پر نااہلی کا کیس بنتا ہے تو الیکشن کمیشن کو اختیار حاصل ہے کہ وہ اس پر کوئی فیصلہ سنائے۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات اور 27 دسمبر کے ممکنہ لانگ مارچ پر بات کرتے ہوئے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کسی صورت بھی اس مسئلے کو دفن نہیں ہونے دے گی اور ہم آخر تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاناما لیکس کیلئے اگر سڑکوں پر آنا پڑا تو ضرور آئیں گے۔

اس سوال پر کہ کیا چار مطالبات کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کا آپس میں کوئی رابطہ ہوا ہے تو لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں بات چیت اور مذاکرات کے راستے ہمیشہ کھلے رہتے ہیںلہٰذا ہم تو اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں جو کسی بھی طرح سے ہو تاہم انھوں نے واضح کیا کہ اب تک حکومت کی جانب سے ان کی جماعت سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا گیا۔