بھارت انگلینڈ چوتھا ٹیسٹ،کوہلی اور جاینت نے کئی ریکارڈ پاش پاش کر دیے

دونوں کھلاڑیوں نی241رنز جوڑ کربھارت کیلئے آٹھویں وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بنانے کا اعزاز حاصل کیا

اتوار 11 دسمبر 2016 17:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور جاینت یادو نے انگلینڈ کیخلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں عمدہ پارٹنرشپ کی بدولت اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈز بھی پاش پاش کر دیے۔ویرات کوہلی اور جاینت یادو نے 241 رنز جوڑ کر ہندوستان کے لیے آٹھویں وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ اظہر الدین اور انیل کمبلے کے پاس تھا جنہوں نے 20 سال قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 161 رنز کی ساجھے داری قائم کی تھی۔یہ انگلینڈ کے خلاف آٹھویں وکٹ کی دوسری سب سے بڑی شراکت ہے جہاں وہ تین رنز کے فرق سے آٹھویں وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ نہ توڑ سکے جو آسٹریلیا کے راجر ہارٹیگن اور کلیم ہل نے 243 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

(جاری ہے)

جاینت یادو نے 104 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ہندوستان کی جانب سے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بنے۔ ادھر ویرات کوہلی نے سال کی تیسری ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 235 رنز بنائے اور اس اننگز کی بدولت وہ اب تک اس سیریز میں 640 رنز بنا چکے ہیں۔انگلینڈ کیخلاف کسی بھی دوطرفہ سیریز میں وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جہاں مجموعی طور پر کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں ہدنوستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ عظیم ہندوستانی بلے باز سنیل گاوسکر کے پاس ہے جنہوں نے 71-1970 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 774 رنز بنائے تھے۔

ہندوستان کے کپتان نے رواں سال تین ڈبل سنچریاں کیں اور وہ ان چار کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے جنہیں ایک کلینڈر ایئر میں تین یا اس سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔مائیکل کلارک ایک کیلنڈ ایئر میں سب سے زیادہ چار ڈبل سنچریاں بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ ڈان بریڈ مین، برینڈن میک کولم اور رکی پونٹنگ ایک سال میں تین ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔

کوہلی نے اس اننگز میں ایک اور سنگ میل بھی عبور کیا جہاں ڈبل سنچری کے بعد ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط 50 سے زائد کی ہو گئی ہے اور وہ کھیل کے تینوں فارمیٹ میں پچاس سے زائد کی اوسط کے حامل واحد بلے باز بن گئے ہیں۔235 ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی ہندوستانی کپتان کی سب سے بڑی اننگز ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کوہلی کی بحیثیت کپتان اوسط 65.5 کی ہو گئی ہے اور وہ ڈان بریڈ مین کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اوسط کے حامل کپتان بن گئے ہیں(جس نے کم از کم دو ہزار رنز بنائے ہوں)، ڈان بریڈ مین نے کپتان کی حیثیت سے 101..5 کی اوسط سے رنز بنائے۔

متعلقہ عنوان :