مضبوط معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی ،تابناک مستقبل پاکستا ن کا منتظر ہے‘مستحکم ترقی نواز شریف کے وژن کی بدولت ممکن ہوئی ہے‘عوام کی خدمت اورکارکردگی کی سیاست مسلم لیگ(ن) کا طرہ امتیاز ہے

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کا گیس فراہمی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 11 دسمبر 2016 17:30

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمدنوا ز شریف کی قیادت میں موجود ہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان میں معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے جس کے باعث ایک روشن اور تابناک مستقبل پاکستان کا منتظر ہے انہوں نے یہ بات آج ضلع ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل کے نواحی قصبے اسحاق پورا میں گیس کی فراہمی سے متعلق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بلا امتیاز بڑے میگا پروجیکٹس پر کام کیا جارہا ہے اور اس سارے عمل میں پاکستان کے پسماندہ علاقوں اوردیہی علاقوں کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہ بلوچستان میں ہزاروں کلومیٹر طویل معیاری اور بین الاقوامی سطح کا روڈ ز کا نیٹ ورک قائم کیا جارہا ہے اور مستقبل قریب میں یہ علاقہ پاکستان کی معاشی ترقی کے مرکز کے طور پر جانا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آج گلگت بلتستان اور بلوچستان کی تعمیر وترقی پر جس قدر توجہ دی جارہی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں سڑکوں ،موٹرویز کانیٹ ور ک محض سٹرکوں کا نام نہیں ہے بلکہ یہ منصوبہ پاکستان کے صوبوں کے ساتھ ساتھ خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا اور مضبوط معاشی و سماجی تعلقات میں استوار کرے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان میں ہونے والی زبردست ترقی وخوشحالی محمدنواز شریف کے وژن کے طفیل ممکن ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو آپس میں مضبوط معاشی تعلقات میں استوارکرنے کے وژن پر کام محمدنواز شریف نے 90 کی دہائی میں پہلی موٹروے کی تعمیر کی صورت میں کیا اور اس کی زبردست کامیابی کے باعث آج حکومت کے علاوہ اپوزیشن کے نمائندے بھی موٹروے کے ممکنا فوائد سے مستفید ہونے کے لیے اس کی اپنے علاقوں میں تعمیر کرنے کی خواہش کر رہے ہیں۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ محمدنواز شریف کا وژن عوام کی خدمت اورکارکردگی کی سیاست پر ایمان ہی وہ طاقت ہے جو مسلم لیگ(ن) کو دوسری سیاسی جماعتوں پر فوقیت دیتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ آج ایک چھوٹے سے حلقے ،گائوں سے لے کے پورا ملک اس امر کا گواہ ہے کہ جن میگا منصوبوں اور مستحکم ترقی وخوشحالی بنیاد محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے رکھی اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور یہی مسلم لیگ(ن) کا سب سے بڑا اثاثہ اور طرہ امتیازہے جس کی بدولت یہ آئندہ انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

متعلقہ عنوان :