یحییٰ جامح گمبیا کے انتخابات کے نتائج کا احترام کریں ،افریقن یونین کا مطالبہ

اتوار 11 دسمبر 2016 17:20

نیروبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء)افریقن یونین(اے یو) نے صدر یحییٰ جامح پر زور دیا ہے کہ وہ گمبیا کے انتخابات کے نتائج کا احترام کریں جس میں انہوں نے اپنا ذہن تبدیل کرنے اور شکست کو قبول کرنے سے انکار سے قبل ابتداء میں اپنی ہار کو قبول کیا۔اے یو کمیشن کی چیئرپرسن نکوسوزانا دلامینی زوما نے کہا کہ کمیشن کی چیئرپرسن صدر یحییٰ جامح پر زور دیتی ہیں کہ وہ امن کو موقع دیں اور گمبیا کے نئے صدر کو پرامن طور پر انتقال اقتدار کردیں۔

جامح نے یکم دسمبر کے بعد فوری طور پر اپنی شکست کو تسلیم کرلیا تھا تاہم جمعہ کے روز یہ کہتے ہوئے بیان جاری کیا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے ناقابل قبول غلطیاں کی گئی ہیں اور یہ کہ وہ اپنے مخالف اداما بارو سے کبھی ہار تسلیم نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

دلامینی زوما کا کہنا تھا کہ جامح کا بیان کوئی حیثیت نہیں رکھتا اور یہ کہ بارو کا انتخاب لوگوں کی مرضی کا حقیقی اظہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گمبیا میں تمام فریقین کو قانون کی حکمرانی پر عملدرآمد کرنا چاہئے اور یہ کہ اے یو کی امن وسلامتی کونسل فوری طور پر اس معاملے کو زیر بحث لائے گی۔چھوٹے مغربی افریقی ملک میں جامح کے بیان کے بعد سڑکوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے،ان کا بیان جمعہ کو دیر گئے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا تھا۔