گیمبیا کے رہنما یحیی جامح اقتدار منتخب صدر کے حوالے کردیں،سلامتی کونسل کا مطالبہ

وائٹ ہائوس کی بھی یحی جامح پر کڑی تنقید

اتوار 11 دسمبر 2016 17:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء)اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے گزشتہ روز مطالبہ کیا کہ گیمبیا کے رہنما یحیی جامح اقتدار منتخب صدر کے حوالے کردیں،انہوں نے ڈرامائی یوٹرن میں انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ایک متفقہ اعلانیہ میں پندرہ رکنی سلامتی کونسل نے جامح پر زور دیا کہ وہ گمبیا کے خودمختار عوام کی پسند کا اسی طرح احترام کریں جس طرح انہوں نے 2دسمبر2016ء کو کیا ہے اور کسی شرط اور تاخیر کے بغیر اقتدار منتخب صدر ایڈما بیرو کے حوالے کردیں،اس مغربی افریقی ملک میں گزشتہ بائیس برسوں سے برسراقتدار جامح نے اپنے ناقدین کو اس وقت حیرت زدہ کردیا جب انہوں نے یکم دسمبر کو ہونے والی رائے شماری کے ایک روز بعد شکست تسلیم کرلی۔

تاہم جمعہ کو انہوں نے اپنا راستہ بدل ڈالا اور اعلان کیا کہ وہ نتائج تسلیم نہیں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کونسل ارکان نے جامح کے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے اور دوبارہ انتخاب کرانے کے اعلان کی شدید مذمت کی۔انہوں نے جامح پر زور دیا کہ اور پرامن اور منظم طور پر منتقلی اقتدار کا عمل کریں،انہوں نے یہ درخواست بھی کی کہ منتخب صدر ایڈاما بیرو اور گمبیا کے عوام کی سلاامتی کو پوری طرح یقینی بنایا جائے۔

دریں اثناء وائٹ ہاؤس نے بھی طویل عرصے سے برسراقتدار گیمبیا کے رہنما یحیی جامح کے اس اعلان پر شدید تنقید کی ہے کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ملک میں یکم دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے نتائج تسلیم نہیں کرتے۔امریکہ گیمبیا کے صدر یحیی جامح کا یکم دسمبر کو ہونے والے انتخابات کو مسترد کرکے گیمبیا کے عوام کی رائے درخور اعتنا نہ سمجھنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہے،یہ بات قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں بتائی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ تشدد کو مسترد کریں اور اس کے پرامن حل کی کوشش کریں جس میں گیمبیا کے عوام کی رائے کی قدر اور ایک آزاد،بہت جمہوری اور انتہائی شاندار گیمبیا کے وعدوں کی جانب پیش رفت کی جائے۔جامح نے شکست ہونے کے ایک ہفتے بعد جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتے جس کے باعث ان کی22سالہ دور حکومت کے بعد پرامن انتقال اقتدار کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔ 94ء میں سابق برطانوی کالونی میں اقتدار پر قبضہ کرنے والے دیندار مسلمان جامح نے گیمبیا کے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان کے فیصلے کے خلاف مظاہرہ کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلیں۔